امریکی سینیٹ میں اکثریت سے ڈیموکریٹس صاف توانائی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ٹرمپ کی پالیسیاں بدل سکتے ہیں۔
فروزاں رپورٹ
امریکی سینیٹ میں سادہ اکثریت حاصل ہونے کے بعد ڈیموکریٹس کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے کئی اہم اقدامات کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ ان میں صاف توانائی کا فروغ، سرکاری زمینوں کا تحفظ، خطرے سے دوچار جنگلی حیات کی حفاظت اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ماحولیاتی پالیسیوں کا جائزہ شامل ہے۔
تاہم، ویٹو ختم کرنے کے لیے درکار دو تہائی اکثریت نہ ہونے کے باعث ڈیموکریٹس کے اختیارات محدود رہیں گے۔ قانون سازی کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری بھی ضروری ہوگی۔
ماحولیاتی پالیسی کے ماہرین کے مطابق سینیٹ میں سادہ اکثریت ملنے پر ڈیموکریٹس چار اہم طریقوں سے اپنے ماحولیاتی اہداف آگے بڑھا سکتے ہیں۔

1۔ ہوا سے بجلی بنانے کے منصوبوں کے خلاف اقدامات کی تحقیقات
امریکی سینیٹ کو ٹرمپ انتظامیہ کے اقدامات کی تحقیقات شروع کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ متعلقہ کمیٹیاں سرکاری دستاویزات طلب کرنے کے علاوہ حکام کو بیان دینے کے لیے بھی بلا سکتی ہیں۔
ماحولیات اور عوامی تعمیرات سے متعلق کمیٹیاں صاف ہوا، موسمیاتی تحفظ اور جنگلی حیات کے قوانین میں کی گئی تبدیلیوں کا جائزہ لے سکتی ہیں۔
خصوصاً ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی تحقیقات کا اہم موضوع بن سکتی ہے۔ وضاحت طلب کرنے کے لیے وزیر داخلہ ڈگ برگم، وزیر توانائی کرس رائٹ اور ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کے سربراہ لی زیلڈن کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ واشنگٹن ڈی سی میں ٹرمپ انتظامیہ کے تعمیراتی منصوبوں کے لیے مختص رقم کی جانچ بھی ممکن ہے۔ اس بات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے کہ آیا ان منصوبوں کے لیے نیشنل پارک سروس کے دیکھ بھال کے بجٹ سے رقم استعمال کی گئی۔
اسی طرح سرکاری اداروں میں ملازمین کی تعداد کم کرنے اور ماحولیات سے متعلق محکموں کے بجٹ میں کٹوتیوں کے اثرات بھی تحقیقات کا حصہ بن سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ تحقیقات محض سیاسی سرگرمی تک محدود نہیں رہیں گی۔ اگر سرکاری اداروں یا حکام کی جانب سے بے ضابطگیاں سامنے آئیں تو ماحولیاتی قوانین میں کی گئی تبدیلیاں واپس لینے اور متعلقہ عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
2۔ بجٹ کے ذریعے ماحولیاتی پالیسیوں کی مخالفت
ڈیموکریٹس بجٹ کی منظوری کے عمل کو استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کے بعض ماحولیاتی اقدامات روکنے کی کوشش بھی کر سکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے بجٹ بلوں میں ایسی شرائط شامل کی جا سکتی ہیں جن کے تحت کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے بجلی گھروں کو فعال رکھنے کے لیے سرکاری رقم خرچ کرنے پر پابندی عائد ہو۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ توانائی متعدد مواقع پر ہنگامی احکامات کے ذریعے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو بند ہونے سے بچا چکا ہے۔
اسی طرح سرکاری زمینوں پر ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے لیے فنڈز روکنے یا ایسے منصوبوں کی منظوری سے پہلے مقامی آبادی سے تفصیلی مشاورت لازمی قرار دینے کی تجویز بھی سامنے آ سکتی ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی کے ماحولیاتی قانون کے پروفیسر مائیکل جیرارڈ کے مطابق بجٹ بلوں میں شامل ایسی شرائط ڈیموکریٹس کے لیے ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
تاہم، بڑے بجٹ بلوں کی منظوری کے لیے 60 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ اس لیے ڈیموکریٹس کو ری پبلکن ارکان کی حمایت بھی حاصل کرنا پڑ سکتی ہے۔
اس کے باوجود ہوا اور دیگر قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی منظوری میں حائل رکاوٹیں دور کرنے جیسے اقدامات کو دونوں جماعتوں کی حمایت ملنے کا امکان ہے۔

3۔ ماحول مخالف عہدیداروں کی تقرری روکنا
سینیٹ میں اکثریت حاصل ہونے کے بعد ڈیموکریٹس کو ٹرمپ انتظامیہ کے ماحولیاتی پالیسیوں سے متعلق نامزد عہدیداروں کی تقرری روکنے یا ان کی مخالفت کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
ان میں فیڈرل انرجی ریگولیٹری کمیشن جیسے آزاد اداروں کے لیے نامزد افراد بھی شامل ہیں۔ یہ ادارے امریکی توانائی پالیسی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈیموکریٹس بعض آزاد سرکاری اداروں میں نئے ارکان کی تقرریوں پر کارروائی روک سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ان اداروں کے لیے کام جاری رکھنے کی قانونی تعداد پوری کرنا مشکل ہو سکتا ہے اور ان کی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایسا اقدام بعض معاملات میں ڈیموکریٹس کے مفادات کے مطابق ہو سکتا ہے، جبکہ اس سے وائٹ ہاؤس پر دباؤ بھی بڑھے گا۔ یہ حکمت عملی صدر کی جانب سے آزاد اداروں کے ارکان کو برطرف کرنے کی کوششوں کی حوصلہ شکنی بھی کر سکتی ہے۔
اس کے علاوہ سپریم کورٹ کے ججوں اور وفاقی کابینہ کے اہم عہدوں کے لیے نامزد افراد کی منظوری کا عمل بھی زیادہ سخت جانچ پڑتال سے گزر سکتا ہے۔
یوں سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی اکثریت ٹرمپ انتظامیہ کے لیے اہم عہدوں پر تقرریوں کے معاملے میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
4۔ ٹرمپ کے ختم کیے گئے ماحولیاتی اقدامات کی بحالی
ڈیموکریٹس ایسے قانون سازی کے اقدامات بھی کر سکتے ہیں جن کا مقصد ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ختم یا کمزور کیے گئے ماحولیاتی پروگراموں کو بحال کرنا ہو۔
اس میں امریکی جیولوجیکل سروے، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے، نیشنل پارک سروس اور نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن میں عملے کی کمی پوری کرنا شامل ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ حکومتی کارکردگی اور اخراجات میں کمی کے نام پر ڈوج کی کٹوتیوں سے ان اداروں میں ملازمین کی تعداد متاثر ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ری پبلکنز کی جانب سے ختم کی گئی صاف توانائی کی بعض سبسڈیز بحال کرنے کی کوشش بھی کی جا سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈیموکریٹس بجٹ سازی کے خصوصی طریقہ کار، جسے ریکانسیلی ایشن کہا جاتا ہے، سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
بعض مالیاتی بل اس طریقہ کار کے تحت سینیٹ میں سادہ اکثریت سے منظور کیے جا سکتے ہیں۔
تاہم، ان میں شامل کی جانے والی تجاویز پر سخت شرائط لاگو ہوتی ہیں اور قانون بننے کے لیے صدر کی منظوری بھی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں
کوپ 31، پہلا ہفتہ ختم، امریکی ڈیموکریٹس کی آمد، ہزاروں افراد کا مارچ
1970 کی دہائی کے توانائی بحران، موسمیاتی سیاست پر اثرات
سینیٹ میں اکثریت کے باوجود اختیارات محدود رہیں گے
مجموعی طور پر سینیٹ میں سادہ اکثریت ڈیموکریٹس کو ٹرمپ انتظامیہ کی ماحولیاتی پالیسیوں کا جائزہ لینے، بعض اقدامات روکنے اور ختم کیے گئے پروگرام بحال کرنے کے مواقع فراہم کر سکتی ہے۔
تاہم، ڈیموکریٹس کے پاس صدر کے ویٹو کو ختم کرنے کے لیے درکار دو تہائی اکثریت نہیں ہوگی۔ اس لیے اگر صدر ٹرمپ کسی منظور شدہ بل کو ویٹو کرتے ہیں تو اسے قانون بنانا مشکل ہوگا۔
ایسی صورت میں قانون سازی کی کوششیں زیادہ تر ڈیموکریٹس کی ماحولیاتی ترجیحات کو ووٹرز کے سامنے اجاگر کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق امریکی ماحولیاتی پالیسی میں بڑے اور دیرپا تبدیلیوں کے لیے ڈیموکریٹس کو یا تو سینیٹ میں زیادہ بڑی اکثریت حاصل کرنا ہوگی یا پھر وائٹ ہاؤس میں بھی اپنی حکومت قائم کرنا ہوگی۔

