موسمیاتی بحران، نیوی ویسٹ منسٹر میں 15 نومبر کو تقریب، ہنگامی صورتحال، اخراج میں کمی اور مقامی اقدامات پر گفتگو ہوگی۔
فروزاں رپورٹ
کینیڈا کے معروف ماحولیاتی و سماجی کارکن، مصنف اور عوامی پالیسی کے محقق سیٹھ کلین موسمیاتی بحران کے حوالے سے اپنا پیغام لے کر نیوی ویسٹ منسٹر پہنچ رہے ہیں۔
نیوی ویسٹ منسٹر پبلک لائبریری اور نیوی ویسٹ منسٹر کلائمیٹ ایکشن ہب کے اشتراک سے ان کے خصوصی خطاب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سیٹھ کلین کلائمیٹ ایمرجنسی یونٹ کے بانی، ٹیم لیڈر اور ڈائریکٹر برائے حکمت عملی بھی رہ چکے ہیں۔ یہ یونٹ ڈیوڈ سوزوکی انسٹی ٹیوٹ کا پانچ سالہ منصوبہ تھا۔
سیٹھ کلین کا خطاب 15 نومبر بروز اتوار نیوی ویسٹ منسٹر پبلک لائبریری کی مرکزی شاخ میں ہوگا۔ تقریب کا وقت دوپہر ڈھائی سے شام چار بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ شرکا ذاتی طور پر شرکت کرسکیں گے، جبکہ آن لائن شرکت کے لیے زوم کے ذریعے براہ راست نشریات بھی پیش کی جائیں گی۔ تاہم تقریب کی ریکارڈنگ نہیں کی جائے گی۔
نیوی ویسٹ منسٹر کلائمیٹ ایکشن ہب کی نائب صدر ایگی بلیک نے کہا کہ شہر کے ان افراد کو اس تقریب میں شرکت کرنی چاہیے جو موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں فکرمند ہیں اور اس بحران سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اور مقامی حل تلاش کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کے لیے ہمارا پیغام تبدیل نہیں ہوا۔ ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مل کر موسمیاتی بحران سے نمٹنا چاہتے ہیں۔ ایک پُرعزم کمیونٹی متحد ہوکر کام کرے تو بہت کچھ ممکن ہے۔ ہم اس جدوجہد کو جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
حالیہ بلدیاتی اور صوبائی انتخابات کے نتائج کے تناظر میں کلائمیٹ ایکشن ہب کا خیال ہے کہ یہ خطاب بروقت ہے۔ اس میں کینیڈا کو موسمیاتی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک کرنے پر بات ہوگی۔
ایگی بلیک نے کہا کہ شہر میں حکومت کسی کی بھی ہو، موسمیاتی تبدیلی مسلسل خطرہ بنی رہے گی۔ ان کے مطابق گزشتہ برسوں میں موسمیاتی تحفظ کے لیے کیے گئے کئی اہم اقدامات کو مختلف سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل رہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے میئر اور سٹی کونسل بھی شہر میں کاربن اخراج کم کرنے کے منصوبوں کو جاری رکھیں گے۔
ان اقدامات میں کرایہ داروں کے لیے گرمی سے بچاؤ کی کٹس فراہم کرنا، کم آمدنی والے علاقوں میں درخت لگانا اور شدید گرمی سے کرایہ داروں کو تحفظ دینے کے لیے قوانین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گھروں میں توانائی کی بچت بڑھانے اور ٹھنڈک کے بہتر انتظامات کے لیے مالکان اور کرایہ داروں کی معاونت بھی ان منصوبوں کا حصہ ہے۔

موسمیاتی بحران، انسانی تہذیب کے لیے کتنا بڑا خطرہ؟
15 نومبر کو ہونے والے خطاب میں سیٹھ کلین 2026 میں موسمیاتی بحران کی صورتحال کا جائزہ پیش کریں گے۔ وہ وضاحت کریں گے کہ یہ بحران انسانی تہذیب کے لیے کس طرح خطرہ بن رہا ہے اور حقیقی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کس نوعیت کے اقدامات ضروری ہیں۔
اس کے علاوہ کینیڈا اور دنیا بھر میں موسمیاتی اقدامات کی موجودہ صورتحال، اس شعبے میں پیش رفت یا تنزلی اور سیاسی و عوامی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کی اہمیت میں کمی جیسے موضوعات پر گفتگو ہوگی۔
خطاب میں یہ سوال بھی اٹھایا جائے گا کہ موسمیاتی تبدیلی عوامی اور سیاسی توجہ کا مرکز کیوں نہیں رہی اور مقامی سطح پر اس رجحان کو تبدیل کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
سیٹھ کلین نے 2021 سے 2025 تک ڈیوڈ سوزوکی انسٹی ٹیوٹ کے کلائمیٹ ایمرجنسی یونٹ میں خدمات انجام دیں۔
کلائمیٹ ایکشن ہب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس یونٹ کا مقصد مشترکہ مہمات اور اتحاد تشکیل دے کر ان پالیسی تجاویز پر عمل درآمد کے لیے کام کرنا تھا، جن کا ذکر سیٹھ کلین نے اپنی 2020 کی کتاب ’’اے گڈ وار: موبلائزنگ کینیڈا فار دی کلائمیٹ ایمرجنسی‘‘ میں کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے جنگی پیمانے کی پالیسیاں متعارف کرانے پر زور دینا تھا۔ اس کی مثال دوسری جنگ عظیم کے دوران فاشزم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے کیے گئے غیر معمولی اقدامات سے دی گئی۔
منصوبے کے تحت وفاقی، صوبائی اور مختلف شعبوں کی سطح پر اتحاد قائم کرکے رہنماؤں کو حقیقی ہنگامی اقدامات کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس کا مقصد مؤثر پالیسیاں نافذ کرکے کینیڈا میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نمایاں کمی لانا تھا۔

سیٹھ کلین کا پیشہ ورانہ سفر
کلائمیٹ ایمرجنسی یونٹ میں خدمات انجام دینے سے قبل سیٹھ کلین نے 1996 سے 2018 تک 22 برس برٹش کولمبیا میں کینیڈین سینٹر فار پالیسی آلٹرنیٹوز کے بانی ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کیا۔
یہ ادارہ سماجی، معاشی اور ماحولیاتی انصاف کے فروغ کے لیے عوامی پالیسی پر تحقیق کرتا ہے۔
ایسٹ وینکوور میں رہائش پذیر سیٹھ کلین برٹش کولمبیا سوسائٹی فار پالیسی سلوشنز کے بورڈ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سائمن فریزر یونیورسٹی کے شعبہ شہری مطالعات سے بطور منسلک پروفیسر وابستہ رہے ہیں۔ وہ گزشتہ 40 برس سے زائد عرصے سے سماجی کارکن کے طور پر بھی سرگرم ہیں۔
تقریب میں ذاتی یا آن لائن شرکت کے لیے پیشگی رجسٹریشن لازمی ہے۔ رجسٹرڈ شرکا کو آن لائن شرکت کے لیے زوم لنک فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں
کراچی میں موسمیاتی تبدیلی اور چائے، فائدہ مند مشروب یا صحت کے لیے نقصان دہ؟
انڈونیشیا کا ماحولیاتی بحران، کاپ 31 سے پہلے خطرے کی گھنٹی
موسمیاتی اقدامات کا ہفتہ
سیٹھ کلین کا نیوی ویسٹ منسٹر کا دورہ پبلک لائبریری میں موسمیاتی اقدامات کے ہفتے کے بعد ہوگا۔
2 سے 8 نومبر تک نیوی ویسٹ منسٹر پبلک لائبریری، برٹش کولمبیا کی دیگر لائبریریوں کے ساتھ موسمیاتی اقدامات کے ہفتے کے سلسلے میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کر رہی ہے۔
شہر کی مرکزی اور کوئینزبورو شاخوں میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کتابوں کی نمائش بھی کی جائے گی۔
لائبریری کی ویب سائٹ کے مطابق ان سرگرمیوں کا مقصد شہریوں کو موسمیاتی سائنس سے آگاہ کرنا اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والی بے چینی کو عملی اقدامات کے ذریعے امید میں تبدیل کرنے میں مدد دینا ہے۔

