Environmental News • Farozaan

اسپارکو:عالمی خلائی ہفتہ 2026 کا آغاز، ’’راکٹ انقلاب‘‘ موضوع مقرر

عالمی خلائی ہفتہ 2026 کے موقع پر اسپارکو حکام اور طلبہ کی گروپ فوٹو

اسپارکو ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین اسپارکو محمد یوسف خان نے عالمی خلائی ہفتہ 2026 کا افتتاح کیا۔

اسلام آباد(فرحین العاص) اسپارکو کے زیر اہتمام عالمی خلائی ہفتہ 2026 کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔ اس سلسلے میں سپارکو ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں چیئرمین اسپارکو محمد یوسف خان نے عالمی خلائی ہفتہ 2026 کا افتتاح کیا۔

عالمی خلائی ہفتہ کا موضوع

اس سال عالمی خلائی ہفتے کا موضوع ’’راکٹ انقلاب‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔ اس موضوع کے تحت راکٹ ٹیکنالوجی، خلا تک رسائی، سائنسی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے زمینی فوائد کو اجاگر کیا جائے گا۔

پاکستان میں خلائی تحقیق میں دلچسپی بڑھ رہی ہے

چیئرمین اسپارکو محمد یوسف خان نے کہا کہ پاکستان میں خلائی سائنس اور تحقیق کے حوالے سے عوام، خصوصاً طلبہ کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل میں خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستانی خلا باز کو چینی خلائی اسٹیشن بھیجنے کا منصوبہ

اسپارکو کے مطابق ایک پاکستانی خلا باز کو چینی خلائی اسٹیشن پر پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر بھیجنے کا منصوبہ ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

:یہ بھی پڑھیں

لال مرچ اور بدلتا موسم

پاکستان میں اسموگ بحران اور جدید حل

پاکستانی قمری روور چاند کے جنوبی قطب تک پہنچے گا

پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ قمری روور چین کے چانگ ای-8 مشن کا حصہ ہوگا۔ اسپارکو کے مطابق روور کو چاند کے جنوبی قطب تک بھیجنے کا منصوبہ ہے۔ جس سے پاکستان کی خلائی تحقیق میں شمولیت مزید نمایاں ہوگی۔

خلائی ٹیکنالوجی سائنسی تحقیق میں اہم کردار ادا کر رہی ہے

ڈی جی اسپارکو نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی سائنسی تحقیق اور خلائی کھوج میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب میں راکٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے خلا تک رسائی اور اس کے زمین پر ممکنہ فوائد کو بھی اجاگر کیا گیا۔

اسپارکو کا عالمی خلائی ہفتے میں طویل تعاون

سیکریٹری اسپارکو بریگیڈیئر منیر احمد اسد (ر) نے عالمی خلائی ہفتے کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ اسپارکو کے مطابق ادارہ 2005 سے عالمی خلائی ہفتہ ایسوسی ایشن کے ساتھ بطور قومی رابطہ کار وابستہ ہے۔

اسپارکو کا کہنا ہے کہ ادارہ 2013 سے عالمی خلائی ہفتے کی سرگرمیوں میں مسلسل پہلی تین پوزیشنز میں شامل رہا ہے۔

طلبہ کی راکٹ انقلاب کے موضوع پر خصوصی پیشکش

افتتاحی تقریب میں بیکن ہاؤس اسکول ٹیپو سلطان کیمپس کے طلبہ نے ’’راکٹ انقلاب‘‘ کے موضوع پر رنگا رنگ خاکہ پیش کیا۔

طلبہ نے راکٹ ٹیکنالوجی کے حق اور مخالفت میں دلائل پیش کیے۔ اور خلائی تحقیق کی اہمیت، اس کے ممکنہ فوائد اور مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

عالمی خلائی ہفتے کے دوران مختلف سرگرمیوں کا انعقاد

عالمی خلائی ہفتہ 2026 کے دوران تعلیمی، سائنسی اور آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد طلبہ اور نوجوانوں میں خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔

نوجوانوں میں خلائی سائنس کا شعور اجاگر کرنے کا عزم

اسپارکو نے نوجوان نسل کو خلائی سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کی جانب راغب کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ادارے کے مطابق عالمی خلائی ہفتہ نوجوانوں کو خلائی شعبے میں پاکستان کے کردار اور مستقبل کے مواقع سے آگاہ کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں