سندھ میں خشک سالی کا خطرہ، 4 اضلاع میں این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ، حکومت کا سروے اور امدادی اقدامات کا فیصلہ
فروزاں رپورٹ
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سندھ کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں میں شدید خشک سالی کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور واشک کے متاثرہ علاقے بھی اس خطرے کی زد میں ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق معمول سے کم بارشیں، طویل عرصے تک خشک موسم، درجہ حرارت میں اضافہ اور مون سون کے بدلتے ہوئے انداز خشک سالی کی بنیادی وجوہات ہیں۔
سندھ کے متاثرہ اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے ایک سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ پانی کی شدید قلت سے زراعت اور فصلوں کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے، جس سے غذائی تحفظ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

خشک سالی کی صورتحال کا سروے
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر گیان چند ایسرانی نے جمعرات کو بتایا کہ سندھ حکومت نے تھرپارکر اور عمرکوٹ میں خشک سالی کی صورتحال کا سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خشک سالی سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا کہ سروے کے دوران صاف پانی، تعلیم، خوراک کی قلت، ماں اور بچے کی صحت اور مویشیوں سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈپلو، ڈاہلی، چھاچھرو اور نگرپارکر کے علاقوں میں فوری امدادی اقدامات کیے جائیں۔ ان اقدامات میں خواتین اور بچوں کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں
کوپ 31، سندھ کے 10 لاکھ مکانات مکمل، عالمی سطح پر پذیرائی
موسمیاتی بحران میں امیروں کا منافع اور غریبوں کا نقصان
متاثرہ آبادی کی مدد کے لیے خوراک کی فراہمی، نقد مالی امداد، خوراک کے واؤچرز اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے طریقہ کار سے استفادہ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا اور علاقے میں خشک سالی سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی تھی۔

