Environmental Reports Farozaan

گرمی نے یورپی معیشت کو ہلا دیا، کاروبار کو 43 ارب یورو کا نقصان

Heatwave Shakes European Economy, Businesses Suffer €43 Billion Losses

یورپ میں گرمی کی پانچویں لہر سے کاروبار متاثر، معیشت و پیداواری صلاحیت میں کمی، زرعی پیداوار گھٹی، انشورنس ادائیگیاں کم رہیں۔

یورپ میں شدید گرمی کے باعث کاروبار تباہ اور معاشی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ تاجروں کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا ہے۔ ہیٹ ویو نے یورپی معیشت کو 43 ارب یورو کا جھٹکا دے دیا ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یورپ میں حالیہ برسوں کے دوران شدید ترین گرمی کے باعث معیشت اور کاروباری شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے نے سپلائی چین سے لے کر لیبر مارکیٹ تک ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یورپ اس سال شدید گرمی کی پانچویں لہر کی لپیٹ میں ہے۔ بلند درجہ حرارت کے باعث عوام کے اخراجات میں کمی آئی ہے۔ کارکنوں کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے، جبکہ کاروباری اخراجات میں اضافے سے مختلف شعبے دباؤ کا شکار ہیں۔

اٹلی کے شہر پادوا میں گرمی نے شام کے اوقات میں ہونے والی کاروباری سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔

اٹلی میں کاروباری سرگرمیاں متاثر

پادوا میں شدید گرمی نے اٹلی کے شام کے اوقات میں ہونے والی کاروباری سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔

عام طور پر لوگ شام 6 سے 7 بجے کے درمیان کیفے اور ریستورانوں میں بیٹھ کر وقت گزارتے تھے، تاہم شدید گرمی کے باعث اب لوگ ایئر کنڈیشنڈ مقامات کو ترجیح دے رہے ہیں۔

شہر اور اس کے صوبے میں تقریباً 600 ہوٹلوں، کیفے اور دیگر مہمان نوازی کے کاروباروں کے سروے میں 80 فیصد سے زائد اداروں نے حالیہ ہیٹ ویو کے دوران کاروباری آمدن میں تقریباً 20 فیصد کمی کی اطلاع دی۔

مارش کی کلائمیٹ اور سسٹین ایبلٹی ماہر سونیا سرمنسکی کے مطابق شدید گرمی روایتی طور پر بیمہ شدہ خطرات میں شامل نہیں۔

43 ارب یورو کا معاشی نقصان

موڈیز کے اندازے کے مطابق گزشتہ موسم گرما میں یورپ میں ہیٹ ویوز کے باعث معاشی پیداوار کو تقریباً 43 ارب یورو کا نقصان ہوا۔ اس کے مقابلے میں صرف تقریباً 500 ملین یورو کی انشورنس ادائیگیاں ہوئیں۔

ماہرین کے مطابق شدید گرمی روایتی انشورنس کے لیے ایک مشکل خطرہ ہے۔ سیلاب یا طوفان کے برعکس گرمی عموماً عمارتوں اور املاک کو براہِ راست تباہ نہیں کرتی۔ تاہم یہ کاروباری سرگرمیوں میں بالواسطہ خلل پیدا کرتی ہے۔

مارش کی کلائمیٹ اور سسٹین ایبلٹی ماہر سونیا سرمنسکی کے مطابق شدید گرمی روایتی طور پر بیمہ شدہ خطرات میں شامل نہیں۔ تاہم اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کاروباری رکاوٹ کے مالی اثرات دیگر قدرتی آفات جتنے ہی سنگین ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

خیرپور کی کھجوریں، موسمیاتی تبدیلی نے مزدوروں کو بھی جھلسا دیا

جب آسمان تندور بن جائے: آنے والی گرمی کتنی خطرناک؟

ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعت بھی متاثر

شدید گرمی کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔ زرعی پیداوار میں کمی آ رہی ہے، جبکہ فیکٹریوں میں کولنگ کے اخراجات بڑھ رہے ہیں۔ طویل عرصے تک بلند درجہ حرارت کارکنوں کی کارکردگی کو بھی متاثر کر رہا ہے۔

یورپ دنیا کا تیزی سے گرم ہونے والا براعظم ہے۔ ماحولیاتی ڈیٹا کے مطابق 11 اگست کو مغربی یورپ کا اوسط درجہ حرارت 1961 سے 1990 کے اوسط کے مقابلے میں تقریباً 10 ڈگری زیادہ رہا۔

اپنا تبصرہ لکھیں