Environmental Reports • Farozaan

موسمیاتی بحران میں امیروں کا منافع اور غریبوں کا نقصان

Climate Crisis: The Rich Profit While the Poor Suffer Losses

موسمیاتی بحران، آلودگی پھیلانے والی کمپنیوں، نجی طیاروں کے استعمال اور امیر طبقے پر ٹیکس لگانے کی نئی تجویز

سیلاب کا پانی اترنے کے بعد ایک چھوٹے کاشت کار کے سامنے دو فوری سوال ہوتے ہیں۔ گھر کی مرمت کیسے ہوگی اور اگلی فصل کے لیے بیج کہاں سے آئیں گے؟ شہر کے کم آمدنی والے علاقوں میں بھی سیلاب کے بعد صورتحال مختلف نہیں ہوتی۔ دیہاڑی دار کا گھر رہنے کے قابل نہیں رہتا۔ گھریلو سامان پانی میں بھیگ جاتا ہے اور بچوں کی کتابیں خراب ہو جاتی ہیں۔ جس دکان پر وہ کام کرتا ہے، وہ بھی کئی دن بند رہتی ہے۔ ایسے میں اسے دوسری جگہ رہائش کا بندوبست کرنا پڑتا ہے، جبکہ اس کی اجرت بھی رک چکی ہوتی ہے۔

دوسری طرف کسی بڑے سرمایہ کار کے لیے سیلاب سے بچاؤ کے آلات بنانے یا تباہ شدہ عمارتوں کی مرمت کرنے والی کمپنی میں سرمایہ کاری منافع کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ آفت کے بعد بحالی کا کاروبار متاثرہ لوگوں کو ضروری خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔ لیکن جب بڑے سرمایہ کار ان صنعتوں میں بھی شریک ہوں جن کا اخراج موسمیاتی خطرات بڑھاتا ہے تو اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ منافع کس کے حصے میں آتا ہے اور نقصان کا بوجھ کون اٹھاتا ہے؟

آکسفیم انٹرنیشنل نے 27 اکتوبر 2026 کو جاری ہونے والی اپنی رپورٹ ’’ڈیزاسٹر ڈیوائیڈ‘‘ میں اسی تضاد کو اجاگر کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ آمدنی رکھنے والے افراد کا کاربن اخراج آبادی میں ان کے تناسب سے کہیں زیادہ ہے۔ دولت انہیں موسمیاتی آفات کے دوران محفوظ مقامات پر منتقل ہونے، بیمہ خریدنے اور نقصان کے بعد دوبارہ زندگی شروع کرنے کے زیادہ مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔

آکسفیم نے ایسی سرمایہ کاری کی بھی نشاندہی کی ہے جس کے ذریعے بڑے سرمایہ کار آلودگی پھیلانے والے کاروباروں اور موسمیاتی آفات سے بچاؤ یا ان کے بعد بحالی کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں، دونوں سے مالی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ تخمینہ لوگوں کے زیر استعمال اشیا اور خدمات سے وابستہ کاربن اخراج کو ظاہر کرتا ہے۔

80 لاکھ افراد کا اخراج، 3.5 ارب انسانوں کے برابر

آکسفیم اور اسٹاک ہوم انوائرنمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے اندازوں کے مطابق 2023 میں دنیا کے سب سے زیادہ آمدنی والے 0.1 فیصد افراد، یعنی تقریباً 80 لاکھ لوگوں کے زیر استعمال اشیا اور خدمات سے 2 ارب 36 کروڑ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہوئی۔

اس کے برعکس دنیا کی کم آمدنی والی 44 فیصد آبادی، یعنی تقریباً 3 ارب 50 کروڑ افراد کا مجموعی اخراج 2 ارب 31 کروڑ ٹن رہا۔

یہ تخمینہ لوگوں کے زیر استعمال اشیا اور خدمات سے وابستہ کاربن اخراج کو ظاہر کرتا ہے۔ اس فرق کو سمجھنے کے لیے بنیادی ضروریات اور پُرتعیش طرز زندگی میں فرق دیکھنا ضروری ہے۔ گھر روشن کرنا اور کام پر جانا روزمرہ کی ضرورت ہے، جبکہ نجی طیاروں میں سفر اور کئی بڑی رہائش گاہوں کی دیکھ بھال کہیں زیادہ توانائی استعمال کرتی ہے۔

زیادہ آمدنی والے طبقوں کے اخراج کے اثرات عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی صورت میں بھی سامنے آئے ہیں۔ سارہ شونگارٹ اور ان کے ساتھی محققین کی 2025 میں سائنسی جریدے ’’نیچر کلائمیٹ چینج‘‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں 1990 سے 2020 تک مختلف آمدنی والے گروہوں کی کھپت اور سرمایہ کاری سے وابستہ اخراج کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے مطابق اس عرصے میں عالمی درجہ حرارت میں ہونے والے اضافے کا تقریباً دو تہائی حصہ دنیا کے سب سے زیادہ آمدنی والے 10 فیصد افراد کے اخراج سے منسلک تھا۔ اسی گروہ کے امیر ترین ایک فیصد افراد کا حصہ تقریباً پانچواں تھا۔

یہ تحقیق واضح کرتی ہے کہ آبادی کے ایک محدود طبقے کی معاشی سرگرمیوں اور طرز زندگی کے ماحولیاتی اثرات دنیا بھر کے لوگوں تک کیسے پہنچتے ہیں۔

مثال کے طور پر سیلاب سے بچاؤ کے آلات بنانے والی کمپنی کی فروخت بڑھ سکتی ہے۔

آلودگی اور بحالی کے کاروبار سے منافع کیسے جڑتا ہے؟

آکسفیم نے اسٹاک مارکیٹ میں درج 217 کمپنیوں کا جائزہ لیا۔ ان میں تیل، گیس، کوئلے اور سیمنٹ کے شعبوں سے وابستہ کمپنیاں بھی شامل تھیں۔ بعض کمپنیاں آلودگی کم کرنے، آفات سے بچاؤ اور تباہی کے بعد تعمیر و مرمت کی خدمات فراہم کرتی ہیں۔

آکسفیم کے مطابق وین گارڈ اور بلیک راک سمیت چھ بڑے سرمایہ کاری ادارے اپنے سرمایہ کاروں کی رقم ان دونوں طرح کی کمپنیوں میں لگاتے ہیں۔ ان اداروں کے زیر انتظام حصص کی مالیت ان 217 کمپنیوں کی مجموعی بازاری مالیت کے تقریباً ایک چوتھائی کے برابر تھی۔

مثال کے طور پر سیلاب سے بچاؤ کے آلات بنانے والی کمپنی کی فروخت بڑھ سکتی ہے۔ اسی طرح آگ بجھانے کے سامان اور تعمیراتی خدمات کی طلب میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ کاروبار متاثرہ آبادیوں کو ضروری سامان اور مہارت فراہم کرتے ہیں۔

تاہم، اصل سوال یہ ہے کہ آلودگی پھیلانے والے کاروباروں سے حاصل ہونے والی آمدنی کا کتنا حصہ موسمیاتی خطرات کم کرنے پر خرچ ہوتا ہے؟ بحالی کے منصوبوں سے حاصل ہونے والے فوائد متاثرہ علاقوں تک کس حد تک پہنچتے ہیں؟

اگر کم آمدنی والے علاقے برسوں نکاسی آب کی سہولت کے منتظر رہیں، جبکہ زیادہ مالیت کی عمارتوں اور املاک کو پہلے تحفظ فراہم کیا جائے تو سرکاری اخراجات بھی معاشرتی عدم مساوات میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔

پاکستان میں موسمیاتی نقصان کا بوجھ کس نے اٹھایا؟

پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب نے معاشی اور سماجی عدم مساوات کی یہ صورتحال واضح کر دی تھی۔ حکومت پاکستان اور عالمی شراکت داروں کے مشترکہ جائزے کے مطابق سیلاب سے تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔

گھروں، سڑکوں اور دیگر اثاثوں کو پہنچنے والے براہ راست نقصان کا تخمینہ 14 ارب 90 کروڑ ڈالر سے زیادہ تھا۔ جبکہ آمدنی اور پیداوار متاثر ہونے سمیت مجموعی معاشی نقصانات تقریباً 15 ارب 20 کروڑ ڈالر رہے۔

ان دونوں مدوں میں ملک بھر کے مجموعی نقصان کا تقریباً 70 فیصد سندھ میں ہوا۔

ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن کے تجزیے کے مطابق انسانی سرگرمیوں کے نتیجے میں بڑھنے والی عالمی حدت نے شدید مون سون بارشوں کی شدت میں اضافہ کیا۔ محققین نے کمزور بنیادی ڈھانچے، غربت اور سیلاب کی زد میں واقع آبادیوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان کی اہم وجوہات میں شمار کیا۔

کسی خاندان کے لیے اس نقصان کی مکمل قیمت قومی اعداد و شمار میں نظر نہیں آتی۔ گھر کی دیوار گرنے سے روزگار متاثر ہو سکتا ہے، بچوں کی تعلیم رک سکتی ہے اور علاج یا نقل مکانی کے لیے قرض لینا پڑ سکتا ہے۔

ایک مزارع فصل تباہ ہونے کے بعد اگلی بوائی تک آمدنی سے محروم رہ سکتا ہے۔ اسی طرح شہر میں شدید گرمی کے دوران سڑک پر کام کرنے والے مزدور کو روزانہ اجرت کمانے اور اپنی صحت بچانے کے درمیان مشکل فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔

اس لیے بحالی کے منصوبوں میں گھروں اور سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ روزگار، تعلیم اور صحت کی ضروریات کو بھی اہمیت دینا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

امریکی سینیٹ، ٹرمپ کی ماحولیاتی پالیسیوں پر نئی پکڑ

کوپ 31، پہلا ہفتہ ختم، امریکی ڈیموکریٹس کی آمد، ہزاروں افراد کا مارچ

موسمیاتی تحفظ کے لیے رقم کہاں سے آئے گی؟

اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کی 4 نومبر 2026 کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ترقی یافتہ ممالک سے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کے لیے 2024 میں 28 ارب 20 کروڑ سے 31 ارب 70 کروڑ ڈالر تک بین الاقوامی سرکاری مالی معاونت فراہم کی گئی۔

اس کے مقابلے میں ترقی پذیر ممالک کی سالانہ مالی ضروریات 2035 تک تقریباً 305 ارب ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

یہ رقم آفات سے پہلے موسمیاتی خطرات کم کرنے اور ان سے نمٹنے کی تیاری پر خرچ کی جاتی ہے۔ دوسری طرف آفات کے بعد ہونے والے نقصانات کے لیے قائم عالمی فنڈ میں پہلے مرحلے کے دوران 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کی درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ اس مرحلے کے لیے صرف 34 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے تھے۔

آکسفیم نے تجویز دی ہے کہ زیادہ آلودگی پھیلانے والی کمپنیوں، نجی طیاروں کے استعمال اور انتہائی زیادہ دولت پر ٹیکس عائد کیا جائے تاکہ موسمیاتی تحفظ کے لیے مزید وسائل جمع کیے جا سکیں۔

میرے نزدیک پاکستان میں اصل سوال یہ ہے کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ملنے والی رقم کیا ان لوگوں تک پہنچتی ہے جو ان خطرات سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں؟ کیا اس رقم کی تقسیم اور استعمال کا ایسا شفاف نظام موجود ہے جس کی نگرانی عام شہری بھی کر سکیں؟

لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے علاقے کے لیے کتنی رقم مختص کی گئی ہے اور وہ کہاں اور کس کام پر خرچ ہو رہی ہے۔ مقامی تنظیموں اور بلدیاتی نمائندوں کو بھی فیصلوں میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ وہ متاثرہ آبادیوں کے ساتھ مل کر طے کر سکیں کہ کون سا کام زیادہ ضروری ہے اور اسے کہاں سے شروع کیا جائے۔

جس ٹھیکے دار کو کام دیا جائے، اس کا نام، ٹھیکے کی رقم، کام کی تفصیل اور تکمیل کی مدت بھی عوام کے سامنے ہونی چاہیے۔

امیر اور زیادہ کاربن اخراج کرنے والے ممالک کیا اپنے اخراج میں کمی کے لیے واضح مدت مقرر کریں گے؟

کاپ 31، موسمیاتی وعدوں پر عمل درآمد کا امتحان

9 سے 20 نومبر 2026 تک ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس، کاپ 31، کا اصل امتحان یہ ہوگا کہ وہاں ہونے والے فیصلوں پر کس طرح عمل درآمد کیا جاتا ہے۔

امیر اور زیادہ کاربن اخراج کرنے والے ممالک کیا اپنے اخراج میں کمی کے لیے واضح مدت مقرر کریں گے؟
کیا پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو سیلاب اور شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے بروقت مالی معاونت ملے گی؟ کیا موسمیاتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے امداد تک رسائی آسان بنائی جائے گی؟

اگر حتمی فیصلوں میں یہ واضح نہ ہوا کہ کون سا ملک کتنی رقم فراہم کرے گا، یہ رقم کب ملے گی اور اس پر پیش رفت کی نگرانی کیسے ہوگی تو انطالیہ میں ہونے والے اعلانات بھی ایسے وعدوں کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے جن پر عمل درآمد کا انتظار متاثرہ آبادیوں کو کرنا پڑتا ہے۔

موسمیاتی انصاف کا اصل معیار اگلی شدید بارش یا گرمی کی لہر سے پہلے سامنے آئے گا۔ کیا ان علاقوں میں نکاسی آب کا نظام بہتر بنایا گیا جہاں ہر بار گھر ڈوب جاتے ہیں؟ کیا شدید گرمی میں مزدوروں کو پانی، سایہ اور آرام کے لیے وقفہ ملتا ہے؟ آفت کے بعد کیا امداد خاندانوں کو گھر کی مرمت یا اگلی فصل کی بوائی کے لیے بروقت ملتی ہے؟

ان سوالوں کے جواب ہی بتائیں گے کہ موسمیاتی پالیسی نے خطرات اور نقصان کا بوجھ کس پر ڈالا اور تحفظ کے وسائل کس کو فراہم کیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں