Environmental Reports • Farozaan

جشن آزادی پر گرین سندھ فاؤنڈیشن کا سرسبز انقلاب، گرین ویک مہم کا آغاز

Green Sindh Foundation launches Green Week campaign for a greener Pakistan on Independence Day

جشن آزادی پر گرین سندھ فاؤنڈیشن نے پلانٹ فار پاکستان گرین ویک کے تحت لاڑکانہ میں شجرکاری، گرین کور اور ٹری بینک کا اعلان کردیا۔

لاڑکانہ میں جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سرسبز انقلاب کے لیے گرین سندھ فاؤنڈیشن کی جانب سے پلانٹ فار پاکستان گرین ویک کی ہفت روزہ شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا۔

لاڑکانہ جنرل پوسٹ آفس میں گرین سندھ فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر ذوالفقار مگسی اور سینئر پوسٹ ماسٹر ثناء اللہ سوہو نے عملے کے ہمراہ لاڑکانہ جی پی او کے لان میں پودے لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سبز انقلاب کی ضرورت ہے۔ ملک کو سرسبز، خوبصورت اور شاداب بنانے کے لیے مقامی کمیونٹیز اور مقامی منتخب نمائندے مشترکہ طور پر یونین کونسل کی سطح پر ہزاروں درخت لگانے کی مہم شروع کریں گے۔

گرین سندھ فاؤنڈیشن کی جانب سے پلانٹ فار پاکستان گرین ویک شجرکاری مہم کے سلسلے میں لاڑکانہ پریس کلب میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔

لاڑکانہ پریس کلب میں مرکزی تقریب

گرین سندھ فاؤنڈیشن کی جانب سے پلانٹ فار پاکستان گرین ویک شجرکاری مہم کے سلسلے میں لاڑکانہ پریس کلب میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔

اس موقع پر گرین سندھ فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر ذوالفقار مگسی نے لاڑکانہ پریس کلب کے صدر عبدالقادر جاگیرانی، نائب صدر حنیف سھاگ، جنرل سیکریٹری طارق محمود درانی، جوائنٹ سیکریٹری رشید سموں، خزانچی ظہیر ابڑو اور ریجنل ڈائریکٹر کالجز لاڑکانہ پروفیسر ڈاکٹر کرم حسین ودھو کو گرین ہیرو ایوارڈز دیے۔ پریس کلب کے کیمرا مینوں کو گرین سندھ کی کیپس بھی پیش کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گرین سندھ فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر ذوالفقار مگسی نے کہا کہ گرین سندھ فاؤنڈیشن نے جشن آزادی کے موقع پر شجرکاری مہم کو اجاگر کرتے ہوئے بڑی تعداد میں پودے لگانے کا عزم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے۔ وطن عزیز کی دھرتی اور ماحول کو سرسبز بنانے اور آنے والی نسلوں کی بقا کے لیے شجرکاری ضروری ہے۔

ذوالفقار مگسی کا کہنا تھا کہ آج لگایا جانے والا پودا کل تناور درخت بن کر زمین کو سایہ، صاف ہوا اور زندگی کو نئی امید فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی اثرات اور گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے لاڑکانہ شہر میں چیئرمین دڑی ٹاؤن لاڑکانہ شاہ رخ خان سیال کی قیادت میں سرسبز لاڑکانہ شجرکاری مہم یونین کمیٹی کی سطح پر شروع کی جائے گی۔

اس ٹری بینک کے ذریعے بڑی تعداد میں پودے فراہم کیے جائیں گے تاکہ لاڑکانہ شہر کو سرسبز بنایا جاسکے اور اس کا گرین کور بڑھایا جاسکے۔

ٹری بینک کے قیام کا اعلان

گرین لاڑکانہ شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے اگست کے آخری ہفتے میں چیئرمین دڑی ٹاؤن شاہ رخ خان سیال کے تعاون سے بڑی تعداد میں پودوں کی فراہمی کے لیے ٹری بینک قائم کیا جائے گا۔

اس ٹری بینک کے ذریعے بڑی تعداد میں پودے فراہم کیے جائیں گے تاکہ لاڑکانہ شہر کو سرسبز بنایا جاسکے اور اس کا گرین کور بڑھایا جاسکے۔

شجرکاری کی تقریب میں جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔ آخر میں پریس کلب کے لان میں شجرکاری کی گئی۔

تقریب میں طلبہ اور اسٹاف کے ساتھ لائبریری کے لان میں پودے لگائے گئے۔

سر شاہنواز بھٹو لائبریری میں آگاہی تقریب

لاڑکانہ میں گرین سندھ فاؤنڈیشن کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر سرسبز پاکستان ہفتہ شجرکاری کے سلسلے میں سر شاہنواز بھٹو لائبریری میں شجرکاری اور آگاہی تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں طلبہ اور اسٹاف کے ساتھ لائبریری کے لان میں پودے لگائے گئے۔ شرکا کو شجرکاری کی افادیت اور اہمیت کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔

اس موقع پر موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی اثرات، گرمی کے درجہ حرارت کو کم کرنے اور گرین کور بڑھانے کے لیے شجرکاری پر زور دیا گیا۔

گرین سندھ فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر ذوالفقار مگسی کی جانب سے لائبریری کو سرسبز و شاداب بنانے پر ڈائریکٹر سر شاہنواز بھٹو لائبریری شمس الدین کلہوڑو کو گرین ہیرو ایوارڈ دیا گیا۔

تقریب میں سید منظور علی شاہ، ایڈمن آفیسر، اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔

گرلز ہائی اسکول میں سرسبز پاکستان ریلی

پاکستان کے نام سبز انقلاب کا پیغام دیتے ہوئے جشن آزادی کے موقع پر گرین سندھ فاؤنڈیشن کی جانب سے شجرکاری کے ذریعے وطن عزیز کو سرسبز بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

پلانٹ فار پاکستان گرین ویک کے سلسلے میں گرین سندھ فاؤنڈیشن کی جانب سے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول لاڑکانہ میں شجرکاری اور آگاہی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گرین سندھ فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر ذوالفقار مگسی، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی پرنسپل ممتاز سولنگی، گسٹا یونٹ کی صدر شہناز مغل اور دیگر نے کہا کہ یوم آزادی پرچموں کے ساتھ ہمارے لیے اپنی دھرتی، اپنے جنگلات، اپنے ماحول اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی حفاظت کے عہد کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین سندھ فاؤنڈیشن نے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی قومی عزم کے ساتھ پاکستان کو سرسبز بنانے کو شجرکاری سے جوڑ دیا ہے۔

یوم آزادی سرسبز عزم اور سرسبز مستقبل کا پیغام ہے۔ سندھ کو موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی اثرات سے محفوظ رکھنے اور اسے سرسبز بنانے کے لیے پودا لگانا اپنی دھرتی سے وفا، فطرت سے محبت، ماحول کی حفاظت اور نسل نو سے سبز وعدہ کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچم ہاتھ میں اٹھانے کے ساتھ سرسبز ماحول، سایہ، صاف ہوا، خوبصورتی، حیاتیاتی تنوع اور امید کے لیے پودے لگا کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس موقع پر سرسبز پاکستان ریلی نکالی گئی۔ طالبات کے ساتھ اسکول کے پارک میں پودے لگائے گئے اور ٹیچرز کو گرین سندھ کی کیپس بھی دی گئیں۔

پی ٹی وی آفس میں شجرکاری

گرین سندھ فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر ذوالفقار مگسی نے کہا کہ درخت زندگی کی بقا کی علامت ہیں۔ درخت لگائیں، زندگی بچائیں اور پاکستان کو سرسبز بنائیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایسا نہ ہو کہ درخت نہ ہونے کی وجہ سے صاف ہوا بھی خریدنی پڑے۔

ذوالفقار مگسی نے ان خیالات کا اظہار پلانٹ فار پاکستان گرین ویک شجرکاری مہم کے سلسلے میں پی ٹی وی آفس لاڑکانہ میں پودے لگانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پی ٹی وی آفس لاڑکانہ کے انچارج گلزار احمد تنیو، غلام النبی چانڈیو اور شبیر سومرو بھی موجود تھے۔

ذوالفقار مگسی نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر سرسبز انقلاب کے لیے شجرکاری ضروری ہے۔ سبز ہلالی پرچم کے ساتھ ایک پودا ضرور لگائیں اور وطن عزیز کو سرسبز و شاداب بنا کر موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی اثرات اور گرمی کے درجہ حرارت کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں

گرمی نے یورپی معیشت کو ہلا دیا، کاروبار کو 43 ارب یورو کا نقصان

جب آسمان تندور بن جائے: آنے والی گرمی کتنی خطرناک؟

انڈس اسکول سسٹم میں اختتامی تقریب

جشن آزادی کے ساتھ سرسبز انقلاب کے پیغام کو آگے بڑھاتے ہوئے گرین سندھ فاؤنڈیشن کی جانب سے پلانٹ فار پاکستان گرین ویک شجرکاری مہم کی اختتامی تقریب انڈس اسکول سسٹم لاڑکانہ میں منعقد کی گئی۔

اسکول کے لان میں گرین سندھ فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر ذوالفقار مگسی، انڈس اسکول کالج کے اونر ڈاکٹر دیالی گل سندھو، انڈس اسکول سسٹم کی پرنسپل فائزہ سومرو، سمیرہ، ڈاکٹر سکینہ گاد، ڈاکٹر مختیار ابڑو، ڈاکٹر عبدالغفار شیخ، اسٹاف اور طلبہ نے انڈس کالج لاڑکانہ میں مختلف اقسام کے پھل دار اور پھولوں والے پودے لگائے۔

اس موقع پر گرین سندھ فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر ذوالفقار مگسی نے کہا کہ شجرکاری کے لیے مقامی درختوں کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی درخت ہمارے ماحولیاتی نظام کا بنیادی ڈھانچہ ہیں۔ مقامی درختوں کے ساتھ پھل دار پودے لگاکر عام لوگوں تک پھلوں کی رسائی بھی عام کی جاسکتی ہے۔

ذوالفقار مگسی نے کہا کہ جشن آزادی پاکستان کو سرسبز بنانے کا بھی پیغام ہے۔ مفکر پاکستان علامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کی فکر کے تحت سرسبز و شاداب پاکستان کے لیے شجرکاری ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم ایک پودا لگا کر اپنا قومی فریضہ ادا کرے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم جشن آزادی کی خوشیوں میں شجرکاری کو بھی شامل کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں