فروزاں رپورٹ
نیویارک یونیورسٹی کے ٹِش اسکول آف دی آرٹس سے وابستہ جیسی کیٹ موسمیاتی تبدیلی پر کہانیاں لکھنے، اسکرین پلے تیار کرنے اور تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان کی توجہ موسمیاتی بحران کو سمجھنے اور اس پر کہانیاں پیش کرنے کے روایتی انداز سے ہٹ کر نئے طریقے تلاش کرنے پر مرکوز ہے۔
اس سال تعلیمی رخصت کے دوران جیسی کیٹ سات ہفتے شنگھائی میں واقع نیویارک یونیورسٹی کے کیمپس میں گزار رہی ہیں۔ اس دوران وہ چین کی سیر کے ساتھ موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے ملک کی کوششوں اور اس حوالے سے آزاد فلم سازوں کے ردعمل کا جائزہ لے رہی ہیں۔
جیسی کیٹ ٹِش اسکول کے ریٹا اینڈ برٹن گولڈ برگ شعبہ ڈرامائی تحریر میں اسکرین رائٹنگ کی سربراہ ہیں۔ وہ گزشتہ چار برس سے موسمیاتی تبدیلی پر کہانی نویسی کے چیلنجز پر کام کر رہی ہیں۔
وہ کتاب آلٹرنیٹو اسکرپٹ رائٹنگ: کنٹیمپریری اسٹوری ٹیلنگ فار دی اسکرین کی شریک مصنفہ بھی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ گلوبل رائز: اسٹوریز فار دی فیوچر کی شریک بانی ہیں۔ یہ ایک بین الشعبہ جاتی تنظیم ہے جو فنکاروں، سائنس دانوں اور ماحولیاتی حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد کو یکجا کرکے موسمیاتی بحران سے متعلق کہانیاں پیش کرتی ہے۔
وہ سنڈینس، ٹورینو فلم لیب اور وینس بینالے میں بھی موسمیاتی کہانی نویسی کے حوالے سے تربیتی نشستوں کی قیادت کر چکی ہیں۔
نیویارک یونیورسٹی کے عالمی تحقیقی پروگرام کے تحت ملنے والی فیلوشپ کے ذریعے شنگھائی میں ان کا قیام ماحولیاتی سنیما کے بیانیے اور کہانیوں کی ساخت پر تحقیق کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔
ان کے مطابق، ماحولیاتی سنیما کہانی بیان کرنے کے ایسے مؤثر طریقے پیش کرتا ہے جو ایک ہیرو پر مرکوز اور واقعات کی سیدھی لکیر میں آگے بڑھنے والے ارسطو کے روایتی ماڈل پر مبنی نہیں ہوتے۔
جیسی کیٹ اس دوران فلموں کی نمائش دیکھ رہی ہیں، فلم سازوں کے انٹرویوز کر رہی ہیں اور عجائب گھروں اور آرٹ گیلریوں کا دورہ کر رہی ہیں۔ وہاں وہ شان شوئی طرز کے سیاہی سے بنائے گئے روایتی چینی طوماری مناظر کا مطالعہ کر رہی ہیں۔ یہ قدرتی مناظر کی مصوری ہے، جس نے بعض جدید چینی فلم سازوں کے کام کو بھی متاثر کیا ہے۔
وہ بیجنگ، اندرونی منگولیا اور آنجی کے بانس کے جنگلات کا سفر بھی کر چکی ہیں۔ نیویارک واپسی سے قبل ان کا منصوبہ ہے کہ وہ دریائے یانگسی پر کشتی کے ذریعے تھری گورجز کے علاقے کا سفر کریں اور دنیا کے سب سے بڑے پن بجلی منصوبے تھری گورجز ڈیم کا ایک دن کے لیے دورہ کریں۔
وہ اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ یہاں قیام ایسا محسوس ہوا جیسے وہ خود کسی شان شوئی طرز کی مصوری کا حصہ ہوں، جہاں منظر مسلسل بدلتا رہتا ہے اور کسی ایک مقام پر توجہ مرکوز رکھنا مشکل ہوتا ہے۔
ان کے بقول، اس طرح کے سفر کا مقصد بھی یہی ہے کہ انسان اپنے پہلے سے قائم تصورات سے باہر نکلے اور سوچنے کے نئے انداز اپنائے۔
نیویارک یونیورسٹی نیوز نے شنگھائی میں ان کی فیلوشپ کے دوران ان سے تحقیق، سفر اور مستقبل میں تدریس و تحریر پر اس کے ممکنہ اثرات کے بارے میں گفتگو کی۔
سوال: آپ کے خیال میں مغربی سنیما میں کہانی بیان کرنے کے روایتی طریقے موسمیاتی تبدیلی کے موضوع کے لیے کم موزوں کیوں ہیں؟
جیسی کیٹ: اس صورت حال کی ایک وجہ مغربی معاشروں میں پائے جانے والے وہ تصورات بھی ہیں جن میں انسان کی تقدیر پر اس کا مکمل اختیار، انفرادی جدوجہد اور فطرت پر انسانی بالادستی کو اہمیت دی جاتی ہے۔
کہانی بیان کرنے کا ہمارا سب سے عام طریقہ ایک ایسی سیدھی کہانی ہے جس میں ایک ہی مرکزی کردار ہوتا ہے۔ وہ ایک واضح مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا ہے اور اکثر اس عمل میں پہلے سے زیادہ طاقت ور بن کر سامنے آتا ہے۔
لیکن اس طرزِ کہانی میں اجتماعی مفاد کے بجائے انفرادی کردار کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اس میں واقعات کے اسباب اور نتائج کو بھی ایک سیدھی ترتیب میں دیکھا جاتا ہے، جبکہ قدرتی ماحول کو محض پس منظر یا ایسی چیز سمجھا جاتا ہے جس پر قابو پانا ضروری ہو۔
یہی سوچ تیل پر انحصار کرنے والی اس ثقافت اور اقدار کو فروغ دیتی ہے جو موجودہ موسمیاتی بحران کی وجوہات میں شامل ہیں۔
سوال: وقت کو غیر خطی انداز میں دیکھنے سے آپ کی کیا مراد ہے؟
جیسی کیٹ: وقت کو ایک سیدھی لکیر میں آگے بڑھتا ہوا سمجھنا انسانی تصور ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ نے کسی عزیز کو کھویا ہے تو آپ جانتے ہوں گے کہ وقت ہمیشہ سیدھی لکیر میں آگے نہیں بڑھتا۔
آپ کسی شخص کی جدائی کو منطقی اور مسلسل مراحل میں پیچھے چھوڑ کر آگے نہیں بڑھتے۔ ماضی کی یادیں غیر متوقع طور پر دوبارہ سامنے آتی رہتی ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ماضی، حال اور مستقبل بیک وقت موجود ہوں۔
اس تصور کو سمجھنے کا ایک اور طریقہ یہ ہے کہ وقت کو لچک دار اور مسلسل بدلنے والا سمجھا جائے۔
میرے بہت سے طالب علم 2000 کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔ میں انہیں سال 2000 کی تبدیلی کے موقع پر پائے جانے والے خدشات کے بارے میں بتاتی ہوں، جب لوگوں کو ڈر تھا کہ کمپیوٹر سسٹم کی خرابی کے باعث طیارے آسمان سے گرنے لگیں گے۔
میرے لیے یہ نسبتاً حالیہ یاد ہے، لیکن میرے بہت سے طالب علم اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ اس طرح ایک ہی واقعہ مختلف نسلوں کے لیے وقت کے مختلف مفہوم رکھتا ہے۔ یہ بھی وقت کی لچک کو سمجھنے کا ایک طریقہ ہے۔
سوال: شنگھائی میں آپ کی موجودگی کے دوران ٹام کروز کی فلم ڈگر ریلیز ہوئی، جس میں وہ عمر رسیدہ تیل کے ایک بڑے کاروباری شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔
جیسی کیٹ: میرے جاننے والوں میں بعض افراد نے اسے ایک بڑی تبدیلی لانے والی فلم قرار دیا، جبکہ کچھ لوگوں کے خیال میں اس نے موسمیاتی تبدیلی کے مقصد کو نقصان پہنچایا ہے۔
تاہم اس فلم نے ایک اہم بحث ضرور چھیڑی ہے اور کم از کم اس اعتبار سے یہ اہم ہے۔
یہ فلم اس موضوع کی بھی نشاندہی کرتی ہے جس پر میں یہاں اپنی تحقیق میں زیادہ توجہ دے رہی ہوں۔ اس کا تعلق ماحولیاتی سنیما اور ماحولیات پر مبنی روایتی کہانیوں کے درمیان فرق سے ہے۔
ماحولیات پر مبنی کہانیاں ماحول یا موسمیاتی تبدیلی کو اپنا موضوع بناتی ہیں۔ اس کے برعکس ماحولیاتی سنیما اس سے کہیں گہرائی میں جا کر کہانی کی ساخت اور اسے پیش کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیتا ہے۔
میری دلچسپی بنیادی طور پر اسی قسم کے کام میں ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ فلم ڈگر میں دونوں پہلو موجود ہیں، اسی لیے میں اسے دیکھنے کے لیے خاص طور پر متجسس ہوں۔
یہ بھی پڑھیں
پاکستان میں پہلا قومی ذیابیطس کنٹرول پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
کاپ 31، موسمیاتی انصاف پر تیل کے مفادات حاوی؟
سوال: نیویارک یونیورسٹی کے شنگھائی کیمپس میں آپ کا ایک عام ہفتہ کیسا گزرتا ہے؟
جیسی کیٹ: میں عموماً ہفتے میں تین دن دفتر میں گزارتی ہوں، جہاں سنیما، تاؤ ازم، چین میں ماحولیاتی تحفظ اور جدید چینی تاریخ سے متعلق محققین کی تحریریں پڑھتی ہوں۔
میں عجائب گھروں اور آرٹ گیلریوں کا دورہ بھی کرتی ہوں تاکہ شان شوئی مصوری کی بصری روایت کو بہتر طور پر سمجھ سکوں۔ اب یہ طرزِ مصوری میری تحقیق کا ایک اہم حصہ بن چکی ہے۔
اس کے علاوہ میں لکھاریوں، فنکاروں اور فلم سازوں سے گفتگو کرتی ہوں اور خطاطی کی ایک مختصر ورکشاپ میں بھی شرکت کر چکی ہوں۔
میں شہر میں گھومنے پھرنے کے لیے بھی کافی وقت نکالتی ہوں۔ اس سے مجھے وہاں کی ثقافت میں گھلنے ملنے اور اس ماحول کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملتا ہے جس میں یہ فلمیں تخلیق کی جاتی ہیں۔
سوال: اس سفر کے دوران حاصل ہونے والے تجربات بطور مصنفہ اور پروفیسر آپ کے کام کو کیسے متاثر کریں گے؟
جیسی کیٹ: میں یہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں کہ یہاں کے تجربات میری اپنی تحریر پر کیا اثر ڈالتے ہیں۔
میں موسمیاتی تبدیلی پر ایک فلمی اسکرپٹ لکھ رہی ہوں جس کی کہانی مستقبل قریب میں امریکی ریاست مشی گن کے بالائی جزیرے میں پیش آتی ہے۔ شنگھائی میں قیام کے دوران مجھے یہ کام روکنا پڑا ہے۔ اب میں جاننا چاہتی ہوں کہ اس تجربے کے بعد اس کہانی کو لکھنے کا میرا انداز کس طرح تبدیل ہوگا۔
میں اسکرپٹ میں زیادہ گنجائش پیدا کرنے اور وقت کو زیادہ آزاد اور لچک دار انداز میں پیش کرنے کے طریقے ضرور آزمانا چاہتی ہوں۔
تاہم میں یہ نہیں کہنا چاہتی کہ یہ محض ایسے طریقے ہیں جنہیں کسی بھی فلمی منصوبے میں آسانی سے شامل کیا جا سکتا ہے۔ کہانی بیان کرنے کا ہر انداز اس کے موضوع اور فطرت سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔
میری امید ہے کہ کہانی بیان کرنے کے مختلف طریقوں سے واقفیت ہمیں موجودہ فلمی دنیا میں رائج اس روایتی ماڈل سے باہر نکلنے میں مدد دے گی جس میں ایک ہیرو اور اس کی جدوجہد کو مرکزی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔
تدریس کے حوالے سے بھی یہ تجربہ مجھے بین الاقوامی طلبہ، خصوصاً چین سے آنے والے طلبہ کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے گا۔ اب میں ان کے ثقافتی پس منظر اور ان کے کام پر اس کے اثرات کو زیادہ قریب سے سمجھ سکوں گی۔
میرا خیال ہے کہ اپنے مانوس ماحول سے دور ایک نئے ملک میں اکیلے رہنے کے تجربے نے مجھے ان طلبہ کے مسائل کو سمجھنے میں بھی مدد دی ہے جو تعلیم حاصل کرنے کے لیے دوسرے ممالک سے نیویارک یونیورسٹی آتے ہیں۔
جب انسان کسی نئی جگہ پر خود کو اجنبی محسوس کرتا ہے تو اس وقت دوسروں کی تھوڑی سی مہربانی بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ یہ سفر مجھے اس بات کی ایک بار پھر یاد دہانی کرا رہا ہے۔
پاکستان میں قومی ذیابیطس پروگرام کا آغاز رواں ماہ، مسجد ماڈل 2027 میں متعارف، نئے…
کاپ 31، مرکزی معاہدہ نہ ہوسکا، معدنی ایندھن سے منتقلی اور مالی معاونت پر اختلاف…
آبنائے ہرمز کا ماحولیاتی خطرہ بے نقاب، دھماکوں کے درمیان تیراکی کرتے ہوئے برطانوی تیراک…
کوپ 31، حتمی معاہدے کے لیے فوسل فیولز، مالی معاونت اور صاف توانائی سمیت 6…
کوپ 31 میں تعطل برقرار، جنوبی ایشیا کا مالی مدد، موسمیاتی تحفظ، ترقی کے حق…
کوپ 31، فوسل فیولز اور موسمیاتی مالی معاونت پر تعطل، ترقی پذیر ممالک کے تحفظات،…
This website uses cookies.