Farozaan

پاکستان میں پہلا قومی ذیابیطس کنٹرول پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

پاکستان میں قومی ذیابیطس پروگرام کا آغاز رواں ماہ، مسجد ماڈل 2027 میں متعارف، نئے کیسز میں 42 فیصد کمی ریکارڈ

پاکستان میں ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی سطح پر ذیابیطس کی روک تھام اور کنٹرول کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا آغاز رواں ماہ اسلام آباد سے ہوگا۔

دوسری جانب مساجد کے ذریعے ذیابیطس سے آگاہی اور اسکریننگ کا کامیاب بنگلہ دیشی ماڈل پاکستان سمیت اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 57 رکن ممالک میں متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستان میں اس منصوبے کا آغاز 2027 کے اوائل میں ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار ڈائیابیٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ڈی اے پی) کے زیر اہتمام عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماہرینِ امراضِ ذیابیطس نے کیا۔ ’’ذیابیطس پر بروقت اقدام‘‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں ملک اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے نامور ماہرین اور معالجین نے شرکت کی۔

قائم کمیٹی کے اراکین کی تفصیلات آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں سامنے آ جائیں گی۔

قومی ذیابیطس پروگرام کا آغاز

ڈائیابیٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت اور وزارتِ صحت کے اشتراک سے ملک میں پہلی مرتبہ ذیابیطس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے باقاعدہ قومی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کا آغاز رواں ماہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام تین سے پانچ سال کے دوران مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ اس کا بنیادی مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا اور شہریوں کو ’’ریپڈ اسکور‘‘ (ریپڈ اسکور) کے ذریعے ذیابیطس کے خطرے کی ابتدائی جانچ کے قابل بنانا ہے۔

پروگرام کے اگلے مراحل میں ملک بھر میں ذیابیطس سے بچاؤ، تشخیص اور علاج معالجے کی سہولیات بھی قائم کی جائیں گی۔ ان کے مطابق پروگرام کے اجرا کے لیے قائم کمیٹی کے اراکین کی تفصیلات آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں سامنے آ جائیں گی۔

مساجد کے ذریعے ذیابیطس سے آگاہی کا بنگلہ دیشی ماڈل

پروفیسر عبدالباسط نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں مساجد کے ذریعے ذیابیطس سے آگاہی اور اسکریننگ کا کامیاب تجربہ اب پاکستان سمیت او آئی سی کے 57 رکن ممالک تک پھیلایا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کی قیادت معروف ماہرِ امراضِ ذیابیطس پروفیسر اے کے آزاد خان کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان میں اس کا آغاز 2027 کے اوائل میں ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں ابتدائی طور پر 100 مساجد کے ائمہ کرام اور ان کے خاندان کی خواتین کو ذیابیطس سے متعلق آگاہی دی گئی۔ وزارتِ مذہبی امور، جامعہ الازہر اور امامِ مکہ کی منظوری سے تیار کردہ خصوصی خطبات کے ذریعے ہر جمعے ایک سے دو منٹ کا آگاہی پیغام دیا گیا۔

اس کے ساتھ مساجد کے باہر مردوں اور ان سے ملحق مخصوص کمروں میں خواتین کی اسکریننگ کا انتظام کیا گیا۔

ان کے مطابق اس ماڈل پر کی گئی تحقیق میں ایک سال کے دوران متعلقہ علاقوں میں ذیابیطس کے نئے کیسز میں 42 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کامیابی کے بعد یہ مہم تقریباً تین لاکھ مساجد تک پھیلا دی گئی، جہاں ہر جمعے دو سے چار کروڑ افراد تک ذیابیطس سے بچاؤ کا پیغام پہنچ رہا ہے۔

پروفیسر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ڈائیابیٹیز فیڈریشن (آئی ڈی ایف) نے بھی اس ماڈل کو سراہا ہے۔ دوسری جانب او آئی سی کے ذیلی ادارے کامسٹیک نے انہیں اپنا نمائندہ مقرر کرتے ہوئے 57 اسلامی ممالک میں اس پروگرام کو وسعت دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔

پاکستان میں اس منصوبے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو گرانٹ کی درخواست بھی دے دی گئی ہے۔ اس بارے میں فیصلہ دو سے چار ماہ میں متوقع ہے۔ تاہم گرانٹ نہ ملنے کی صورت میں بھی ذاتی وسائل سے 2027 کے اوائل میں منصوبے کا آغاز کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ کے اقدامات اس وقت شروع ہونے چاہئیں جب کوئی خاتون ماں بننے کا ارادہ کرے۔

خواتین میں ذیابیطس کی بروقت تشخیص ضروری

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائیابیٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی نائب صدر پروفیسر شبین ناز مسعود نے کہا کہ پاکستان میں ہر تیسرا شہری ذیابیطس کا شکار ہے۔ خواتین میں حمل سے قبل اور دورانِ حمل خون میں شوگر کی بروقت تشخیص اور کنٹرول نہ ہونے سے ماں اور بچے دونوں کی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ نسلوں میں بھی ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ کے اقدامات اس وقت شروع ہونے چاہئیں جب کوئی خاتون ماں بننے کا ارادہ کرے۔ دل کے دورے، گردوں کے امراض یا بلند فشارِ خون جیسی پیچیدگیاں سامنے آنے کے بعد اقدامات کرنا مناسب نہیں۔

ان کے مطابق حمل کے دوران ذیابیطس کی کوئی واضح علامت ظاہر نہیں ہوتی۔ اس لیے حاملہ خواتین کے لیے تین مراحل میں شوگر کی اسکریننگ ناگزیر ہے۔

پہلا ٹیسٹ حمل سے قبل یا حمل کی تصدیق ہوتے ہی ابتدائی مہینوں میں کرانا چاہیے۔ دوسرا ٹیسٹ حمل کے 22 سے 24 ہفتوں کے دوران ہونا چاہیے۔ جبکہ پاکستانی اور دیگر ایشیائی خواتین میں ذیابیطس کے زیادہ خطرے کے باعث تیسرا ٹیسٹ 34 سے 36 ہفتوں کے دوران بھی کرایا جانا چاہیے، خواہ ابتدائی دونوں ٹیسٹ منفی ہی کیوں نہ آئے ہوں۔

پروفیسر شبین ناز مسعود نے خبردار کیا کہ حمل کے دوران ہونے والی ذیابیطس کو معمولی سمجھ کر نظرانداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے کی صورت میں ایسی خواتین میں تین سے چار سال کے اندر مستقل ٹائپ ٹو ذیابیطس پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ سی جی ایم ڈیوائسز صرف امیر طبقے کی پہنچ میں ہیں۔

پاکستان میں ذیابیطس کی شرح 33 فیصد

ڈائیابیٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نائب صدر (اکیڈمکس) پروفیسر ایم زمان شیخ نے کہا کہ پاکستان 33 فیصد شرحِ پھیلاؤ کے ساتھ دنیا میں ذیابیطس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔

ان کے مطابق ذیابیطس ایک خاموش قاتل ہے، جو ابتدائی آٹھ سے دس سال تک کسی نمایاں علامت کے بغیر جسم کو متاثر کرتی رہتی ہے۔ بعض مریض خون میں شوگر کی سطح 300 تک پہنچنے کے باوجود اپنی بیماری کو سنجیدہ نہیں لیتے۔

انہوں نے کہا کہ غیر صحت مند طرزِ زندگی، فاسٹ فوڈ، میٹھے مشروبات، موٹاپے اور ذہنی تناؤ نے ذیابیطس کے خطرات میں اضافہ کیا ہے۔ ایک برگر میں کم از کم 500 کیلوریز ہوتی ہیں، جبکہ ایک کولڈ ڈرنک میں تقریباً چھ کپ چائے کے برابر چینی شامل ہوتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ذیابیطس کی تشخیص کے پہلے دن سے ہی ادویات کے ساتھ ورزش، جسمانی سرگرمی اور وزن اٹھانے کی ورزش (ویٹ ٹریننگ) کو معمول بنایا جائے۔

جدید ٹیکنالوجی سے شوگر کی مسلسل نگرانی

انٹرنیشنل ڈائیابیٹیز فیڈریشن کی نائب صدر ارم غفور نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، یعنی مسلسل گلوکوز مانیٹرنگ (سی جی ایم)، ذیابیطس پر مؤثر قابو پانے اور پری ڈائیابیٹیز کے شکار افراد کو مستقل ذیابیطس سے بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ سی جی ایم ڈیوائسز صرف امیر طبقے کی پہنچ میں ہیں۔

ان کے مطابق سی جی ایم ڈیوائس بار بار سوئی چبھونے کی ضرورت کے بغیر ہر تین سے پانچ منٹ بعد خون میں شوگر کی سطح کی ریڈنگ فراہم کرتی ہے۔ اس سے مریض اور معالج دونوں کو علاج اور روزمرہ معمولات سے متعلق بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملتی ہے۔

پاکستان میں یہ ڈیوائسز تقریباً 8 ہزار روپے سے شروع ہو کر 17 سے 18 ہزار روپے اور ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک کی مختلف قیمتوں میں دستیاب ہیں۔

ان کے مطابق زیادہ وزن اور ذیابیطس کی خاندانی تاریخ رکھنے والے افراد کے لیے اس ٹیکنالوجی کا استعمال خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

کاپ 31، موسمیاتی انصاف پر تیل کے مفادات حاوی؟

دھماکوں کے درمیان تیراکی، آبنائے ہرمز کا ماحولیاتی خطرہ بے نقاب

ماہرین اور معالجین کی شرکت

کانفرنس کے افتتاحی، اختتامی اور مختلف سائنسی سیشنز میں ملک بھر سے نامور ماہرینِ طب اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

ان میں پروفیسر نورجہاں صمد، پروفیسر اشعر فواد، پروفیسر یعقوب احمدانی، پروفیسر اقبال آفریدی، پروفیسر احمد بلال، پروفیسر نصرت شاہ، پروفیسر ڈاکٹر شبنم شمیم عاصم، پروفیسر سونیا نقوی، پروفیسر رومینہ اقبال، پروفیسر کریم قمرالدین، پروفیسر سیما این ممتاز، پروفیسر محمد عدنان کانپور والا، پروفیسر ذیشان احمد جونیجو، پروفیسر خیرالنسا نظام، ڈاکٹر ریاست علی خان، ڈاکٹر عاصمہ خان، ڈاکٹر فرید الدین، ڈاکٹر اسما احمد، ڈاکٹر فرح ناز فاروق، ڈاکٹر ذاکر علوی، ڈاکٹر ندیم نعیم، ڈاکٹر علی اصغر، ڈاکٹر صائمہ زبیر، ڈاکٹر شاہین ظفر، ڈاکٹر فائزہ رؤف، ڈاکٹر سمیرا جبین، ڈاکٹر شبنم نوید، ڈاکٹر عاقبہ سرفراز، ڈاکٹر صنوبر جمال، ڈاکٹر عائشہ شیخ، ڈاکٹر قمر مسعود، ڈاکٹر سید عدیل ظفر، ڈاکٹر خالد عبدالباسط اور ڈاکٹر شہلا نسیم شامل تھے۔

admin

Recent Posts

کاپ 31، موسمیاتی انصاف پر تیل کے مفادات حاوی؟

کاپ 31، مرکزی معاہدہ نہ ہوسکا، معدنی ایندھن سے منتقلی اور مالی معاونت پر اختلاف…

7 hours ago

دھماکوں کے درمیان تیراکی، آبنائے ہرمز کا ماحولیاتی خطرہ بے نقاب

آبنائے ہرمز کا ماحولیاتی خطرہ بے نقاب، دھماکوں کے درمیان تیراکی کرتے ہوئے برطانوی تیراک…

1 day ago

کوپ 31، فوسل فیولز پر عالمی ممالک کا دوٹوک مطالبہ

کوپ 31، حتمی معاہدے کے لیے فوسل فیولز، مالی معاونت اور صاف توانائی سمیت 6…

2 days ago

کوپ 22:31 نومبر 2026، اتوار کی صبح تک کی صورتِ حال

کوپ 31 میں تعطل برقرار، جنوبی ایشیا کا مالی مدد، موسمیاتی تحفظ، ترقی کے حق…

2 days ago

کوپ 31 کو ‘‘ناکام ترین’’ کیوں کہا جا رہا ہے؟

کوپ 31، فوسل فیولز اور موسمیاتی مالی معاونت پر تعطل، ترقی پذیر ممالک کے تحفظات،…

3 days ago

کیا دنیا موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے بے حس ہوتی جا رہی ہے؟

موسمیاتی تبدیلیوں سے اجتماعی بے حسی بڑھنے لگی، قدرتی آفات اور خبروں سے ذہنی صحت…

3 days ago

This website uses cookies.