Environmental Reports

مصنوعی ذہانت کا انتظام و نگرانی اور معاشرے پر اس کے اثرات

مصنوعی ذہانت کے ضابطوں سے انسانی حقوق کے تحفظ تک، روزگار، صحت، تعلیم اور سماجی انصاف پر ممکنہ اثرات کا جائزہ

مصنوعی ذہانت تیزی سے روزمرہ زندگی کا حصہ بنتی جارہی ہے۔ اسے مصنوعات کی سفارش، ملازمت کی درخواستوں کی جانچ، طبی فیصلوں میں معاونت، دھوکا دہی کی نشان دہی، عوامی خدمات کی فراہمی اور معلوماتی مواد تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

اس کا استعمال جہاں کام کی رفتار اور کارکردگی بہتر بناسکتا ہے اور نئے مواقع پیدا کرسکتا ہے، وہیں نجی زندگی، روزگار، مساوات، تحفظ اور انسانی فیصلہ سازی کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ جوں جوں مصنوعی ذہانت زیادہ طاقت ور ہوتی جارہی ہے، بنیادی سوال صرف یہ نہیں رہا کہ یہ ٹیکنالوجی کیا کچھ کرسکتی ہے، بلکہ یہ سوال بھی اہم ہوگیا ہے کہ معاشرہ کس طرح طے کرے کہ مصنوعی ذہانت کو کیا کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

اس مضمون میں مصنوعی ذہانت کے انتظام و نگرانی اور معاشرے کے باہمی تعلق کا جائزہ دنیا میں رائج چار اہم طریقوں کے تقابلی مطالعے کی روشنی میں لیا گیا ہے۔ ان میں یورپی یونین کا مصنوعی ذہانت کا قانون، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹینڈرڈز اینڈ ٹیکنالوجی کا مصنوعی ذہانت کے خطرات سے نمٹنے کا فریم ورک، اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم کے مصنوعی ذہانت سے متعلق اصول اور مصنوعی ذہانت کے حقوق کا امریکی مسودہ شامل ہیں۔

راقم کا بنیادی مؤقف یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کے مؤثر انتظام و نگرانی کو صرف قوانین اور ضابطوں کی پابندی تک محدود نہیں سمجھنا چاہیے۔ اسے سماجی ذمہ داری کا ایک ایسا نظام ہونا چاہیے جو مصنوعی ذہانت کی تیاری اور استعمال کے ہر مرحلے پر انسانوں کو مرکز میں رکھے۔

بہتر انتظام و نگرانی کا مقصد جدت اور نئی ٹیکنالوجی کی ترقی کو روکنا نہیں، بلکہ اسے اس انداز میں آگے بڑھانا ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانی وقار، اعتماد اور سماجی بہبود کو کمزور کرنے کے بجائے انہیں مضبوط بنائے۔

انتظام و نگرانی کا عمومی مطلب پالیسیاں اور قواعد بنانا سمجھا جاتا ہے۔

مصنوعی ذہانت کا انتظام و نگرانی: محض ضابطوں کی پابندی سے کہیں آگے

انتظام و نگرانی کا عمومی مطلب پالیسیاں اور قواعد بنانا سمجھا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر ایک ایسی کمپنی کو دیکھیے جو ہزاروں ملازمت کی درخواستوں کی ابتدائی جانچ کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال کرتی ہے۔

کمپنی کے پاس یہ پالیسی موجود ہوسکتی ہے کہ مصنوعی ذہانت ذمہ داری سے استعمال کی جائے۔ وہ متعلقہ قوانین کی پابندی بھی کر رہی ہو۔ اس کے باوجود مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔

اگر بھرتیوں سے متعلق پرانے ڈیٹا میں انسانی تعصب شامل رہا ہو تو مصنوعی ذہانت کا نظام اہل امیدواروں کے بعض گروہوں کو مسلسل نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اس صورت میں محض قانونی تقاضے پورے کرنا انصاف کی ضمانت نہیں بنتا۔

اسی مسئلے کو سمجھنے کے لیے دنیا میں رائج مصنوعی ذہانت کے انتظام و نگرانی کے چار نمایاں طریقوں کا جائزہ ضروری ہے۔

ایک ہی مسئلے کے چار مختلف جواب

دنیا کی حکومتیں مصنوعی ذہانت کے انتظام و نگرانی کے لیے کسی ایک متفقہ طریقے پر نہیں پہنچ سکیں، لیکن ضروری نہیں کہ یہ صورتِ حال مکمل طور پر منفی ہو۔ مصنوعی ذہانت کے انتظام و نگرانی کے چار معروف طریقوں میں سے ہر ایک اس پیچیدہ مسئلے کے ایک مختلف پہلو سے نمٹتا ہے۔

اس میں شہریوں کی سماجی درجہ بندی یا ’’سوشل اسکورنگ‘‘ جیسے بعض استعمال مکمل طور پر ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔

یورپی یونین کا مصنوعی ذہانت کا قانون

یورپی یونین کا مصنوعی ذہانت کا قانون ان چاروں میں سب سے سخت طریقہ ہے۔ یہ باقاعدہ قانون ہے جو مصنوعی ذہانت کے نظاموں کو ان سے ممکنہ طور پر ہونے والے نقصان کی سطح کے مطابق مختلف درجوں میں تقسیم کرتا ہے۔

اس میں شہریوں کی سماجی درجہ بندی یا ’’سوشل اسکورنگ‘‘ جیسے بعض استعمال مکمل طور پر ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔ بھرتیوں، قرضوں کی منظوری اور پولیس کے کام میں استعمال ہونے والے مصنوعی ذہانت کے نظاموں کو ’’زیادہ خطرے والے نظام‘‘ قرار دیا گیا ہے۔

ایسے نظاموں کے لیے سخت شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔ ان میں مشین کے فیصلوں اور کام کی حقیقی انسانی نگرانی بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ قواعد کی خلاف ورزی پر بہت بھاری جرمانے عائد کیے جاسکتے ہیں۔

این آئی ایس ٹی کا مصنوعی ذہانت کے خطرات سے نمٹنے کا فریم ورک

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹینڈرڈز اینڈ ٹیکنالوجی کا مصنوعی ذہانت کے خطرات سے نمٹنے کا فریم ورک، یعنی این آئی ایس ٹی اے آئی آر ایم ایف، اس کے برعکس ایک رضاکارانہ مگر جامع طریقہ اختیار کرتا ہے۔

یہ اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت کے کسی نظام کو استعمال کرنے کے پورے عرصے میں چار بنیادی مراحل کی جانب مسلسل واپس آتے رہیں۔ ان مراحل میں انتظام، حالات کی تفہیم، پیمائش اور خطرات سے نمٹنا شامل ہیں۔

انگریزی میں انہیں گورن، میپ، میژر اور مینیج کہا جاتا ہے۔ مقصد یہ ہے کہ ادارے ایک مرتبہ رسمی خانہ پُری کرکے نظام کو نظرانداز نہ کردیں، بلکہ اس کے خطرات کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں۔ (این آئی ایس ٹی، 2023)

اسے شہریوں کے نقطۂ نظر سے تیار کیا گیا ہے۔

او ای سی ڈی کے مصنوعی ذہانت سے متعلق اصول

اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم، یعنی او ای سی ڈی، کے مصنوعی ذہانت سے متعلق اصول، جن پر 2024 میں نظرِثانی کی گئی، انصاف، شفافیت، تحفظ اور جواب دہی جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ دنیا کے درجنوں ممالک نے ان اصولوں سے اتفاق کیا ہے۔

ان اصولوں کی خلاف ورزی پر کسی ادارے کو جرمانہ نہیں کیا جاسکتا، لیکن یہ مختلف قوانین اور قانونی نظام رکھنے والے ممالک کو مصنوعی ذہانت کے بارے میں گفتگو اور پالیسی سازی کے لیے ایک مشترکہ بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

2024 میں کی گئی نظرِثانی میں مصنوعی ذہانت کے ماحول پر پڑنے والے اثرات اور اس کے ذریعے تیار ہونے والی گمراہ کن معلومات کے بارے میں خدشات بھی شامل کیے گئے۔ (او ای سی ڈی، 2024)

مصنوعی ذہانت کے حقوق کا امریکی مسودہ

مصنوعی ذہانت کے حقوق کا امریکی مسودہ بھی کوئی باقاعدہ قانون نہیں۔ اسے شہریوں کے نقطۂ نظر سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ دو ایسے حقوق پر خاص طور پر زور دیتا ہے جن کا دیگر طریقوں میں واضح طور پر ذکر نہیں کیا گیا۔

پہلا یہ کہ کسی شخص کو خودکار یا مصنوعی ذہانت کے نظام کے بجائے انسانی طریقۂ کار اختیار کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

دوسرا یہ کہ اگر کسی شخص سے متعلق فیصلہ کرنے میں مصنوعی ذہانت استعمال ہوئی ہے تو اسے اس بارے میں واضح طور پر بتایا جانا چاہیے۔

مصنوعی ذہانت کا انتظام و نگرانی معاشرے کو کیسے متاثر کرسکتا ہے؟

روزگار اور انصاف

روزگار ان نمایاں شعبوں میں شامل ہے جہاں مصنوعی ذہانت کے سماجی اثرات واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

تصور کیجیے کہ ایک کمپنی کو 500 آسامیوں کے لیے 20 ہزار درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ بھرتی کرنے والے عملے کا بوجھ کم کرنے کے لیے ایک ایسا مصنوعی ذہانت کا نظام متعارف کرایا جاتا ہے جو ماضی میں کیے گئے فیصلوں سے سیکھ کر امیدواروں کی درجہ بندی کرتا ہے۔

اگر ماضی کے بھرتی کے فیصلوں میں صنف، عمر یا کسی دوسری بنیاد پر تعصب موجود رہا ہو تو مصنوعی ذہانت کا نظام بھی انہی رجحانات کو دہرا سکتا ہے۔

مسئلہ یہ نہیں کہ نظام جان بوجھ کر امتیازی سلوک کرتا ہے، بلکہ یہ ہے کہ ماضی کے امتیازی رویے خودکار نظام کا حصہ بن سکتے ہیں۔

حقیقی دنیا کی مثال: وہ نظام جس نے خواتین کو مسترد کرنا سیکھ لیا

2018 میں دنیا کی بڑی تجارتی کمپنیوں میں سے ایک نے خاموشی سے مصنوعی ذہانت پر مبنی اپنا بھرتی کا نظام بند کردیا۔ کمپنی نے اس نظام کی تیاری پر کئی برس صرف کیے تھے۔

منصوبہ بظاہر بہت سادہ تھا۔ گزشتہ دس برس کے دوران کیے گئے کامیاب بھرتی کے فیصلوں کا ڈیٹا نظام کو فراہم کیا جائے تاکہ وہ انسانی عملے کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے موزوں امیدواروں کی شناخت کرسکے۔

لیکن اس نظام نے دراصل یہ سیکھ لیا کہ مرد امیدوار بہتر انجینئر ثابت ہوتے ہیں۔ نتیجتاً اس نے خواتین کے تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل امیدواروں کی درجہ بندی بھی کم کرنا شروع کردی۔

اس مثال سے واضح ہوتا ہے کہ کسی بھی نظام کو استعمال میں لانے سے پہلے یہ سوال ضرور اٹھایا جانا چاہیے کہ اس کے فیصلوں میں کسی قسم کا تعصب تو شامل نہیں۔

نظام کے استعمال کے بعد بھی انسانی بھرتی کاروں کو ایسے معاملات کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے جن میں فیصلہ آسان یا واضح نہ ہو۔ مشین کی تیار کردہ فہرست کو بغیر جانچ کے منظور کردینا انسانی نگرانی نہیں کہلاسکتا۔

صحت کی دیکھ بھال اور انسانی فیصلہ

مصنوعی ذہانت طبی تصاویر میں موجود غیرمعمولی علامات اور بیماریوں کے نمونوں کی شناخت کرنے یا تشخیص میں ڈاکٹروں کی مدد کرسکتی ہے۔

تاہم، اگر کوئی مصنوعی ذہانت کا نظام غلطی سے کسی مریض کو کم خطرے کا حامل قرار دے اور ڈاکٹر مزید معائنے کے بغیر اس سفارش کو قبول کرلے تو یہاں ذمہ داری کا سوال پیدا ہوتا ہے۔

یہ صورتِ حال واضح کرتی ہے کہ انسانی نگرانی محض رسمی نہیں، بلکہ حقیقی اور مؤثر ہونی چاہیے۔

تعلیم اور نوجوان: مصنوعی ذہانت بیک وقت مفید اور نقصان دہ ہوسکتی ہے

ایک طالب علم کسی مشکل تصور کو سمجھنے، متن کا ترجمہ کرنے یا اپنی تحریر پر رائے حاصل کرنے کے لیے تخلیقی مصنوعی ذہانت، یعنی جنریٹو اے آئی، استعمال کرسکتا ہے۔

مصنوعی ذہانت کے یہ استعمال سیکھنے کے عمل میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، لیکن اس پر ضرورت سے زیادہ انحصار طلبہ میں لکھنے، سوچنے، دلیل قائم کرنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کی نشوونما کو متاثر کرسکتا ہے۔

اس لیے مصنوعی ذہانت کے انتظام و نگرانی کا مقصد انسان اور مشین میں سے کسی ایک کا سختی سے انتخاب کرنا نہیں ہونا چاہیے۔ اصل توجہ انسانی شمولیت کی درست سطح متعین کرنے پر ہونی چاہیے۔

طلبہ کو معلوم ہونا چاہیے کہ مصنوعی ذہانت کب اور کیسے استعمال ہورہی ہے۔ اساتذہ طلبہ کی حقیقی تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لے سکیں اور ان کی نجی معلومات بھی محفوظ رہیں۔

عوامی خدمات اور سماجی بہبود

دنیا بھر کی حکومتیں سرکاری درخواستوں پر کارروائی، دھوکا دہی کی نشان دہی اور سرکاری ملازمین کی معاونت کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کا جائزہ لے رہی ہیں۔

تاہم، سرکاری فیصلوں کی سماجی اہمیت کہیں زیادہ ہوتی ہے کیونکہ شہریوں کے پاس عموماً یہ اختیار نہیں ہوتا کہ وہ کسی دوسرے ادارے سے وہی سرکاری خدمت حاصل کرلیں۔

اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم، یعنی او ای سی ڈی، نے حکومتوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق اپنے حالیہ کام میں غیرمتوازن ڈیٹا، شفافیت کی کمی اور شہریوں کے اعتماد میں کمی جیسے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ (او ای سی ڈی، 2025)

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرکاری شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے لیے شفافیت، جواب دہی اور فیصلوں کو چیلنج کرنے کے حق پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

حقیقی دنیا کی مثال: الگورتھم کے باعث ہزاروں خاندانوں کی مشکلات

2013 سے 2019 کے درمیان ایک سرکاری ٹیکس ادارے نے بچوں کی نگہداشت کے لیے دی جانے والی مالی امداد کی درخواستوں میں ممکنہ دھوکا دہی کی نشان دہی کے لیے ایک الگورتھم استعمال کیا۔

اس نظام نے دوہری شہریت رکھنے کو بھی خطرے کی علامت سمجھ لیا۔ جس کے نتیجے میں تقریباً 26 ہزار خاندانوں پر غلط طور پر دھوکا دہی کا الزام عائد کیا گیا۔

انہیں کئی ہزار، بلکہ بعض صورتوں میں دسیوں ہزار یورو واپس کرنے کا حکم دیا گیا۔ اس کے باعث متعدد خاندان قرض اور غربت میں دھکیل دیے گئے۔

یہ اسکینڈل بالآخر 2021 میں حکومت کے خاتمے کا سبب بنا۔ یہ ان غیرمعمولی واقعات میں سے ایک تھا جن میں الگورتھم سے پیدا ہونے والے بحران نے پوری حکومت گرا دی۔

معلومات اور اعتماد

ان تمام معاملات کے پس منظر میں ایک نسبتاً خاموش مگر سنگین خطرہ بھی موجود ہے۔ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تحریر، تصاویر اور ویڈیوز بنانا جتنا سستا اور آسان ہوتا جارہا ہے، انہیں حقیقی مواد سے الگ کرنا اتنا ہی مشکل ہوتا جارہا ہے۔

اس صورتِ حال کے باعث مجموعی طور پر معلومات پر عوام کا اعتماد کم ہونے لگتا ہے۔ یہ ایسے معاشرے میں رہنے کے مترادف ہے جہاں ہر چیز کے جعلی ہونے کا امکان موجود ہو۔

نتیجتاً لوگوں کے لیے سچی، دیانت دارانہ اور معمول کی معلومات پر بھی اعتماد کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

پانچ اصول جو حقیقتاً فرق پیدا کرسکتے ہیں

مذکورہ واقعات پانچ مختلف زاویوں سے ایک ہی سبق دیتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کا انتظام و نگرانی کوئی ایسا رسمی عمل نہیں جس کے لیے ایک مرتبہ فارم پُر کرکے اسے فائلوں میں رکھ دیا جائے۔

اسے ایک مسلسل عمل اور ادارہ جاتی عادت بنانا ہوگا۔ درج ذیل پانچ اصول عملی طور پر حقیقی فرق پیدا کرسکتے ہیں۔

اوّل: حفاظتی اقدامات کو ممکنہ نقصان کے مطابق بنائیں

کسی شخص کو فلم تجویز کرنے والے نظام اور سماجی بہبود میں دھوکا دہی کا فیصلہ کرنے والے نظام کے لیے ایک جیسے ضابطے اور نگرانی کا طریقہ نہیں ہونا چاہیے۔

کسی فرد کو جتنا زیادہ نقصان پہنچنے کا امکان ہو، جانچ پڑتال اور حفاظتی اقدامات بھی اتنے ہی مضبوط ہونے چاہییں۔

دوم: انسانی نگرانی کو حقیقی بنائیں، محض دکھاوا نہیں

مذکورہ دونوں واقعات میں کاغذی طور پر فیصلہ سازی کے عمل میں انسان شامل تھا۔ اس کے باوجود انسانی نگرانی مؤثر ثابت نہ ہوسکی کیونکہ متعلقہ افراد کے پاس نظام کے فیصلے پر سوال اٹھانے کے لیے نہ مناسب وقت تھا، نہ اختیار اور نہ ہی مطلوبہ شواہد۔

انسانی نگرانی اسی وقت مؤثر ہوسکتی ہے جب نگران شخص نظام کے فیصلے کو مسترد کرنے کا حقیقی اختیار رکھتا ہو اور اس کے اعتراض کو سنجیدگی سے سنا بھی جائے۔

سوم: شفافیت کو مفید بنائیں، محض تکنیکی نہیں

طویل اور پیچیدہ تکنیکی رپورٹ اس خاندان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی جس پر غلط طور پر دھوکا دہی کا الزام عائد کردیا گیا ہو۔

لوگوں کو سادہ الفاظ میں بتایا جانا چاہیے کہ ان سے متعلق فیصلہ کرنے میں مصنوعی ذہانت استعمال ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ انہیں یہ بھی واضح طور پر معلوم ہونا چاہیے کہ وہ اس فیصلے کو کس طرح چیلنج کرسکتے ہیں۔

چہارم: ابتدا سے اختتام تک ذمہ داری کا تعین واضح رکھیں

اگر کسی مرحلے پر کوئی خرابی یا ناانصافی سامنے آتی ہے تو یہ واضح ہونا چاہیے کہ اس کی جواب دہی کس پر عائد ہوگی، نظام تیار کرنے والے ادارے پر، اسے استعمال کرنے والی تنظیم پر یا دونوں پر۔

ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ خرابی سامنے آنے پر تمام فریق ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرانا شروع کردیں۔

پنجم: یہ ضرور پوچھیں کہ فائدہ کسے اور نقصان کس کو ہورہا ہے؟

کوئی نظام اپنے تیار کنندگان کے مقرر کردہ تمام تکنیکی پیمانوں پر پورا اترنے کے باوجود غیرمنصفانہ ہوسکتا ہے، خصوصاً اس وقت جب نظام کی غلطیوں کی قیمت ان لوگوں کو ادا کرنا پڑے جو فیصلے کو چیلنج کرنے کی سب سے کم صلاحیت رکھتے ہوں۔

خزاں کی آمد، امریکا میں سرد ہواؤں کی لہر

معیاری اعلیٰ تعلیم کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، مصدق ملک

ادارے عملی طور پر اگلا قدم کیا اٹھا سکتے ہیں؟

ان اقدامات کے لیے کسی نئے قانون کا انتظار کرنا ضروری نہیں۔ لوگوں کی زندگیوں پر اثرانداز ہونے والے فیصلوں میں مصنوعی ذہانت استعمال کرنے والا ہر ادارہ فوری طور پر یہ اصول اپنا سکتا ہے کہ کم از کم ایک ذمہ دار شخص سادہ الفاظ میں وضاحت کرسکے کہ نظام نے کوئی مخصوص فیصلہ کیسے کیا۔

فیصلہ غلط ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داری قبول کرنے والا فرد یا ادارہ بھی واضح ہونا چاہیے۔

چھوٹے کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کو اس مقصد کے لیے کسی بہت بڑے ضابطہ جاتی شعبے کی ضرورت نہیں۔ انہیں صرف کسی نئے نظام کو اختیار کرنے سے پہلے مذکورہ پانچ سوالات پوچھنے اور نظام کے استعمال کے بعد بھی مسلسل یہ سوالات اٹھاتے رہنے کی ضرورت ہے۔

یہ کسی ادارے کی جانب سے اختیار کیے جانے والے سب سے کم خرچ اور مؤثر حفاظتی اقدامات میں سے ایک ہوسکتا ہے۔

حاصلِ کلام

مصنوعی ذہانت کے انتظام و نگرانی کا حقیقی مقصد ٹیکنالوجی کو قابو کرنا نہیں، بلکہ بحیثیت معاشرہ یہ طے کرنا ہے کہ جب کوئی مشین کسی اہم فیصلے میں شریک ہو تو ہم ایک دوسرے کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کس طرح کریں گے۔

اوپر بیان کیے گئے پانچ اصول محض نظریاتی تصورات نہیں، بلکہ ایک ایسا عملی پیمانہ ہیں جسے کسی بھی مصنوعی ذہانت کے نظام کو استعمال میں لانے سے پہلے آزمایا جاسکتا ہے۔

اس نظام سے کس کو نقصان پہنچ سکتا ہے؟ اس کی حقیقی نگرانی کون کر رہا ہے؟ اور جس شخص کے بارے میں فیصلہ کیا جارہا ہے، کیا اس کے پاس اب بھی انکار کرنے یا فیصلے کو چیلنج کرنے کا اختیار موجود ہے؟

سب سے اہم سبق بہت سادہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کو انسانی فیصلہ سازی میں معاونت کرنی چاہیے، انسانی ذمہ داری ختم نہیں کرنی چاہیے۔

مصنوعی ذہانت کا انتظام و نگرانی ایک مسلسل سماجی عمل ہونا چاہیے جس میں حکومتیں، کاروباری ادارے، محققین، کارکن، شہری اور دیگر متاثرہ فریق شریک ہوں۔

اس کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہ ہے کہ لوگ اپنے حقوق، وقار، مواقع اور بامعنی انتخاب کی آزادی کھوئے بغیر مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

admin

Recent Posts

پاکستان کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے چیئرپرسن، حمزہ فرخ مقرر

پاکستان کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے چیئرپرسن حمزہ فرخ کی دو سالہ تقرری کا نوٹیفکیشن جاری،…

2 hours ago

خزاں کی آمد، امریکا میں سرد ہواؤں کی لہر

خزاں کی آمد کے ساتھ شکاگو، نیویارک، بوسٹن اور دیگر شہروں میں درجہ حرارت گرنے…

1 day ago

معیاری اعلیٰ تعلیم کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، مصدق ملک

معیاری اعلیٰ تعلیم اور جدید مہارتیں نوجوانوں کو عالمی معیشت کا مؤثر مقابلہ کرنے کے…

3 days ago

عالمی یوم صفائی

عالمی یوم صفائی پر ماہرین نے ٹیکسٹائل اور فیشن انڈسٹری کے فضلے سے پیدا ہونے…

3 days ago

پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت کو سبز توانائی اور مشترکہ ذمہ داری کی ضرورت

پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کو ماحول دوست بنانے اور بجلی کے نظام میں بہتری کے…

4 days ago

واش گورننس میں صنفی مساوات اور سماجی شمولیت کی اہمیت

مؤثر واش نظام وہی ہے۔ جو معاشرے کے تمام طبقات کی ضروریات کو مدنظر رکھے۔…

5 days ago

This website uses cookies.