Environmental Reports

کوپ 31، پہلا ہفتہ ختم، امریکی ڈیموکریٹس کی آمد، ہزاروں افراد کا مارچ

کوپ 31، تکنیکی مذاکرات مکمل، پاکستان پویلین میں قرضوں اور موسمیاتی فنڈز پر مکالمہ، امریکی ڈیموکریٹس کی آمد، مارچ

انطالیہ: کوپ 31 کے پہلے ہفتے کے تکنیکی مذاکرات اتوار 15 نومبر کی صبح ختم ہوگئے۔ کانفرنس کے دو ذیلی اداروں، سائنسی و تکنیکی مشاورت کے ادارے اور عمل درآمد سے متعلق ادارے، نے بعض معاملات پر اپنا کام مکمل کرلیا۔ کئی مسودے مزید مذاکرات کے لیے متعلقہ فیصلہ ساز اجلاسوں کو بھیج دیے گئے۔

بعض حل طلب معاملات پر آئندہ تکنیکی اجلاسوں میں دوبارہ بات ہوگی۔ اس دوران امریکی ڈیموکریٹ ارکان کا ایک وفد بھی انطالیہ پہنچ گیا۔ پاکستان پویلین میں قرضوں اور موسمیاتی مالی معاونت پر مکالمہ ہوا، جبکہ شہر کی سڑکوں پر ہزاروں افراد نے موسمیاتی انصاف کے لیے مارچ کیا۔

کئی مسودے مزید مذاکرات کے لیے متعلقہ فیصلہ ساز اجلاسوں کو بھیج دیے گئے۔

زراعت پر فیصلہ 2027 میں، پہاڑی علاقوں پر مشاورت جاری

تکنیکی اداروں نے موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے اقدامات کی رپورٹنگ، ترقی پذیر ممالک کو اقوام متحدہ کے موسمیاتی کنونشن کے تحت رپورٹیں تیار کرنے میں مدد اور صنفی مساوات و موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بعض امور پر اپنا کام مکمل کرلیا۔

تاہم زراعت کے معاملے پر کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔ اس پر کئی وفود نے مایوسی کا اظہار کیا۔ فریقین نے اس معاملے پر فیصلہ 2027 میں کرنے پر اتفاق کیا۔

پہاڑوں اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مکالمہ جاری رکھنے پر بھی فریقین کے مؤقف قریب آئے۔ تاہم یہ مکالمہ کس ادارہ جاتی انتظام کے تحت جاری رہے گا، اس پر اختلاف برقرار رہا۔

پہاڑوں اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مکالمہ جاری رکھنے پر بھی فریقین کے مؤقف قریب آئے۔

کوپ 31 کے صدر مراد کوروم نے دوسرے ہفتے کے لیے چار سطحوں پر کام کرنے کا اعلان کیا۔ وزرا براہِ راست بات چیت میں حصہ لیں گے۔ کانفرنس کی صدارت وفود سے مشاورت کرے گی۔ حل طلب سیاسی معاملات پر وزرا الگ سے مشاورت کریں گے، جبکہ تکنیکی مذاکرات میں سیاسی رہنمائی کی روشنی میں مسودوں پر کام ہوگا۔

کوروم نے وزرا کو مجموعی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کے لیے ایک مشترکہ نشست میں بھی مدعو کیا، جسے انہوں نے دیوان کا نام دیا۔ اتوار کے وقفے کے بعد متعلقہ فیصلہ ساز اجلاسوں میں ان مسودوں پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

حل طلب سیاسی معاملات پر وزرا الگ سے مشاورت کریں گے

امریکی وفاقی وفد کی غیر موجودگی، ڈیموکریٹ ارکان کی آمد

امریکی وفاقی حکومت نے مسلسل دوسرے سال اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس میں اپنا سرکاری وفد نہیں بھیجا۔ تاہم بین الاقوامی ترقیاتی خبر رساں ادارے ڈیویکس کے مطابق ہفتے کو امریکی ایوان نمائندگان کے 18 ڈیموکریٹ ارکان انطالیہ پہنچے۔

ان ارکان میں الینوائے سے جوناتھن جیکسن اور ایریزونا سے یاسمین انصاری بھی شامل تھیں۔ وفد کے ارکان نے مختلف ممالک کے پویلینز اور وفود کے دفاتر کا دورہ کیا۔

یاسمین انصاری نے کہا کہ عالمی اعتماد بحال کرنے میں وقت لگے گا۔ ان کے مطابق وفد کی ترجیح دوسرے ممالک کا مؤقف سننا ہے۔

پاکستانی پویلین میں سوال، قرضوں کے دباؤ میں موسمیاتی منصوبے کیسے چلیں؟

14 نومبر کو پاکستان پویلین میں ہونے والے پارلیمانی مکالمے میں پاکستان، ایتھوپیا، یوگنڈا اور جاپان کے ارکان پارلیمان، ماہرین اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔

مکالمے کا موضوع یہ تھا کہ قرضوں کے دباؤ اور محدود بجٹ والے ممالک پیرس معاہدے کے تحت اپنے موسمیاتی وعدوں پر کیسے عمل کرسکتے ہیں۔

پاکستان کے پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مالی استحکام کی کوششوں کے دوران حکومت کی اپنے شہریوں کو سیلاب اور دیگر شدید موسمیاتی خطرات سے بچانے کی صلاحیت کمزور نہیں پڑنی چاہیے۔

پاکستان اور دیگر موسمیاتی اثرات سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کے لیے اس بحث کا اہم عملی سوال یہ ہے کہ قرضوں کی ادائیگی کے ساتھ قدرتی آفات سے پیشگی بچاؤ کے منصوبوں کے لیے بجٹ میں گنجائش کیسے نکالی جائے۔

14 نومبر کو کانفرنس کے مقام سے باہر انطالیہ کے مرکزی علاقے میں ماحولیاتی تنظیموں، مزدور یونینوں اور حقوق کی تنظیموں نے موسمیاتی انصاف کے لیے مارچ کیا۔

بارش میں بھی موسمیاتی انصاف کے لیے مارچ، 7 ہزار سے زائد افراد شریک

14 نومبر کو کانفرنس کے مقام سے باہر انطالیہ کے مرکزی علاقے میں ماحولیاتی تنظیموں، مزدور یونینوں اور حقوق کی تنظیموں نے موسمیاتی انصاف کے لیے مارچ کیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس نے مظاہرین کی تعداد 7 ہزار سے زیادہ بتائی۔ کوپ 31 کے آغاز کے بعد شہر میں یہ سب سے بڑا مظاہرہ تھا۔

مظاہرین نے کوئلے، تیل اور گیس کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد کرنے اور غریب ممالک کو موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ مالی معاونت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

اے ایف پی کے مطابق مارچ کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کے بغیر اختتام پذیر ہوا۔ پاکستان کے اخبار ڈان نے بھی اے ایف پی کی یہ خبر شائع کی۔

admin

Recent Posts

کوپ 31، فوسل فیولز پر عالمی ممالک کا دوٹوک مطالبہ

کوپ 31، حتمی معاہدے کے لیے فوسل فیولز، مالی معاونت اور صاف توانائی سمیت 6…

18 minutes ago

کوپ 22:31 نومبر 2026، اتوار کی صبح تک کی صورتِ حال

کوپ 31 میں تعطل برقرار، جنوبی ایشیا کا مالی مدد، موسمیاتی تحفظ، ترقی کے حق…

6 hours ago

کوپ 31 کو ‘‘ناکام ترین’’ کیوں کہا جا رہا ہے؟

کوپ 31، فوسل فیولز اور موسمیاتی مالی معاونت پر تعطل، ترقی پذیر ممالک کے تحفظات،…

22 hours ago

کیا دنیا موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے بے حس ہوتی جا رہی ہے؟

موسمیاتی تبدیلیوں سے اجتماعی بے حسی بڑھنے لگی، قدرتی آفات اور خبروں سے ذہنی صحت…

1 day ago

کوپ 31، کاربن منڈیوں کی فیس اور ماحولیاتی حقوق پر ڈیڈلاک

کوپ 31، کاربن فیس، انسانی حقوق، فوسل ایندھن اور موسمیاتی مالی معاونت پر اختلاف، ترقی…

2 days ago

کوپ 31، کاربن منڈیوں کی فیس اور ماحولیاتی حقوق پر ڈیڈلاک

کوپ 31، مالی ذمہ داری، انسانی حقوق اور فوسل ایندھن منتقلی پر اتفاق نہ ہو…

2 days ago

This website uses cookies.