فروزاں رپورٹ
دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث پناہ گزینوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تقریباً 9 کروڑ افراد ایسے ممالک میں رہنے پر مجبور ہیں جہاں خشک سالی، سیلاب اور شدید گرمی جیسے موسمیاتی خطرات کی شدت زیادہ ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی بحران پناہ گزینوں کے لیے فوری خطرہ بن چکا ہے۔ تاہم، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے فراہم کی جانے والی مالی معاونت خطرے سے دوچار بہت سی آبادیوں تک نہیں پہنچ رہی۔
یو این ایچ سی آر نے یہ انکشاف آئندہ ہفتے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں شروع ہونے والی عالمی موسمیاتی کانفرنس کاپ 31 سے قبل جمعے کو جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کیا۔
ادارے کے اسسٹنٹ ہائی کمشنر برائے آپریشنز انتون لیئس گارسیا نے کہا کہ پناہ گزین دوہرے ظلم کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہیں ایسے تنازعات کے باعث اپنے گھر بار چھوڑنا پڑتے ہیں جن کے وہ ذمہ دار نہیں۔ اب وہ ایسے موسمیاتی بحران کی زد میں بھی ہیں جس میں ان کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں افراد کے لیے موسمیاتی تبدیلی مستقبل کا خطرہ نہیں بلکہ ایک موجودہ بحران ہے۔ یہ بحران ان کی پناہ گاہیں تباہ کر رہا ہے، روزگار کے ذرائع متاثر کر رہا ہے اور نئی زندگی شروع کرنے کی امیدوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
رپورٹ ’’نو اسکیپ تھری‘‘ کے مطابق بڑی تعداد میں پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے کمزور اور تنازعات سے متاثرہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عالمی مالی معاونت کا صرف تقریباً 10 فیصد حصہ ملتا ہے۔
رپورٹ میں موسمیاتی بحران کی اگلی صفوں میں موجود بے گھر آبادیوں کے 8 نمائندوں کی کہانیاں بھی شامل ہیں۔ ان میں سوڈان کی منیرہ بحرالدین بھی شامل ہیں۔
منیرہ جون 2023 میں سوڈان کے جنگ زدہ علاقے دارفور کے شہر الفاشر سے نقل مکانی کرکے مشرقی چاڈ کے ایک پناہ گزین کیمپ میں مقیم ہوئیں۔ وہاں مسلسل خشک سالی اور تنازعات کے باعث موسمیاتی خطرات برقرار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چاڈ میں خشک موسم کی شدت دارفور کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ پانی حاصل کرنے کے لیے زیادہ طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے، جبکہ خاندان کی پانی کی ضروریات بھی بڑھ جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2050 تک زیریں صحارا افریقہ کے ہر تین میں سے ایک پناہ گزین کیمپ کو سالانہ کم از کم 100 دن خطرناک حد تک شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران موسمیاتی آفات کے باعث دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو اپنے ہی ممالک کے اندر نقل مکانی کرنا پڑی۔
رپورٹ کے مطابق ال نینو سے منسلک شدید سیلاب رواں سال کے اختتام تک صومالیہ، کینیا، جنوبی سوڈان اور یوگنڈا میں 30 لاکھ افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔
موسمیاتی تبدیلی بے گھر افراد کی مستقل واپسی اور دوبارہ آبادکاری کے امکانات بھی مشکل بنا رہی ہے۔ 2026 کی پہلی ششماہی میں اپنے وطن واپس جانے والے دو تہائی سے زیادہ پناہ گزین ایسے ممالک میں پہنچے جو موسمیاتی خطرات سے شدید متاثر ہیں۔
شام میں بھی حال ہی میں تقریباً 40 لاکھ افراد اپنے وطن واپس آئے ہیں، لیکن زیر زمین پانی کی سطح میں کمی اور شدید موسمیاتی اثرات ایک دہائی سے زائد عرصے کی جنگ کے بعد ملک کی بحالی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
دریائے فرات کے کنارے مئی میں آنے والے سیلاب سے مکانات کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ایک بار پھر بے گھر ہو گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 90 فیصد بے وطن افراد ایسے ممالک میں رہتے ہیں جہاں موسمیاتی خطرات کی شدت زیادہ ہے۔ قانونی شناخت نہ ہونے کے باعث قدرتی آفات کے دوران ان افراد کو امداد اور بنیادی سہولتوں تک رسائی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
کاپ 31، موسمیاتی مذاکرات میں دنیا کا مستقبل داؤ پر
غزہ میں شدید بارش سے تباہی، 70 ہزار خیمے ڈوب گئے، عمارتیں خطرے میں
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پناہ گزین اور انہیں پناہ دینے والی مقامی آبادیاں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے نئے اور مؤثر طریقے اپنا رہی ہیں۔
ان اقدامات میں ساحل کے علاقے میں شمسی توانائی سے چلنے والے پانی کے نظام، یوگنڈا میں موسمیاتی اثرات برداشت کرنے والی زراعت اور کولمبیا میں زمین اور مینگرووز کے جنگلات کی بحالی شامل ہیں۔
انتون لیئس گارسیا کے مطابق پناہ گزین نہ صرف موسمیاتی بحران کی صف اول میں موجود ہیں بلکہ اس کے حل کا حصہ بھی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ کاپ 31 کو ایک اہم موڑ ثابت ہونا چاہیے۔ اس کانفرنس میں پناہ گزینوں کی قیادت اور کردار کو تسلیم کرنے کے ساتھ عالمی وعدوں کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کیا جائے تاکہ مالی معاونت ان افراد تک پہنچ سکے جو سب سے زیادہ خطرات سے دوچار ہیں۔
کوپ 31، حتمی معاہدے کے لیے فوسل فیولز، مالی معاونت اور صاف توانائی سمیت 6…
کوپ 31 میں تعطل برقرار، جنوبی ایشیا کا مالی مدد، موسمیاتی تحفظ، ترقی کے حق…
کوپ 31، فوسل فیولز اور موسمیاتی مالی معاونت پر تعطل، ترقی پذیر ممالک کے تحفظات،…
موسمیاتی تبدیلیوں سے اجتماعی بے حسی بڑھنے لگی، قدرتی آفات اور خبروں سے ذہنی صحت…
کوپ 31، کاربن فیس، انسانی حقوق، فوسل ایندھن اور موسمیاتی مالی معاونت پر اختلاف، ترقی…
کوپ 31، مالی ذمہ داری، انسانی حقوق اور فوسل ایندھن منتقلی پر اتفاق نہ ہو…
This website uses cookies.