فروزاں رپورٹ
دنیا بھر میں ایک ارب 50 کروڑ خواتین اور لڑکیاں موسمیاتی خطرات سے متاثرہ علاقوں میں زندگی گزار رہی ہیں۔ ان علاقوں میں خشک سالی، سمندری طوفان، غیر محفوظ روزگار اور صنفی عدم مساوات خواتین کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے برائے خواتین کی نئی رپورٹ ’’موسمیاتی بحران کے دور میں صنفی مساوات‘‘ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات ان ممالک کی خواتین اور لڑکیوں پر سب سے زیادہ پڑ رہے ہیں جو عالمی حدت میں اضافے کے ذمہ دار سب سے کم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک سے زائد خاتون اور لڑکی ایسے علاقوں میں رہتی ہے جہاں موسمیاتی آفات کا خطرہ زیادہ ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ موجودہ موسمیاتی رجحانات برقرار رہنے کی صورت میں 2050 تک عالمی درجہ حرارت میں 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں خشک سالی، سیلاب، جنگلات میں آگ اور سمندری طوفان مزید تباہ کن ہوسکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے برائے خواتین کے مطابق بدترین صورتحال میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث 2050 تک مزید 14 کروڑ 10 لاکھ خواتین اور لڑکیاں انتہائی غربت کا شکار ہوسکتی ہیں۔
ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما باہوس کا کہنا ہے کہ موسمیاتی بحران نہ صرف کرہ ارض پر زندگی کے لیے خطرہ ہے بلکہ خواتین اور لڑکیوں کو پہلے سے درپیش عدم مساوات کو بھی مزید گہرا کر رہا ہے۔
ان کے مطابق دنیا بھر میں خواتین اپنے معاشروں، سائنسی اداروں، پارلیمانوں اور موسمیاتی بحران سے متاثرہ علاقوں میں بہتر مستقبل کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین اور لڑکیوں کو مساوی حقوق، وسائل اور قیادت کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ دنیا میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن سکیں۔
رپورٹ میں 24 ممالک کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اوسط درجہ حرارت میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ اضافے سے خواتین کی مجموعی آمدنی میں مردوں کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ کمی ہوسکتی ہے۔
اس کی ایک بڑی وجہ خواتین کے لیے زراعت کے علاوہ دوسرے شعبوں میں روزگار تلاش کرنے اور فصلیں تباہ ہونے کی صورت میں دوسرے علاقوں کی طرف نقل مکانی کے محدود مواقع ہیں۔
موسمیاتی تبدیلی خواتین کی بلا معاوضہ گھریلو ذمہ داریوں میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔ ان ذمہ داریوں میں پانی اور ایندھن جمع کرنا اور قدرتی آفات کے بعد خاندان کے افراد کی دیکھ بھال شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق طویل خشک سالی صنفی بنیاد پر تشدد کے خطرات بھی بڑھا سکتی ہے۔ 14 ممالک کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ طویل اور شدید خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں نوعمر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کے خلاف جنسی تشدد کے امکانات 21 فیصد زیادہ ہیں۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ موسمیاتی بحران بچوں کی کم عمری میں شادیوں کے خاتمے کی کوششوں کو بھی متاثر کر رہا ہے۔
متعلقہ اعداد و شمار رکھنے والے 46 میں سے 24 ممالک میں زیادہ خشک علاقوں کے اندر کم عمری کی شادیوں کی شرح نسبتاً مرطوب علاقوں کے مقابلے میں زیادہ پائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 32 کروڑ 60 لاکھ خواتین اور لڑکیاں اب بھی بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔ دوسری جانب مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال سے توانائی کی طلب میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 73 فیصد ممالک کے موسمیاتی منصوبوں میں خواتین اور لڑکیوں کو درپیش خطرات کو تسلیم کیا گیا ہے، تاہم صرف ایک تہائی سے کچھ زیادہ ممالک نے ان مسائل کے حل کے لیے جامع اقدامات شامل کیے ہیں۔
موسمیاتی فیصلوں میں خواتین کی نمائندگی اب بھی محدود ہے۔ توانائی کے شعبے سے متعلق اعلیٰ حکومتی عہدوں میں خواتین کا حصہ صرف 12 فیصد ہے۔
اسی طرح موسمیاتی اقدامات کے لیے فراہم کی جانے والی سرکاری ترقیاتی امداد کا صرف 4 فیصد صنفی مساوات کو ترجیح دیتا ہے۔
رپورٹ میں خواتین ماحولیاتی کارکنوں کو درپیش خطرات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ ماحول اور اپنی برادریوں کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانے والی خواتین کو ہراسانی اور حتیٰ کہ جان سے ہاتھ دھونے جیسے خطرات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
موسمیاتی بحران، 9 کروڑ پناہ گزین شدید خطرات کی زد میں
نطالیہ میں کوپ 31 کا آغاز، موسمیاتی مالی مدد پر پہلے ہی دن اختلاف
اقوام متحدہ کے ادارے برائے خواتین نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری موسمیاتی کانفرنس کاپ 31 کے موقع پر عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی اقدامات میں صنفی مساوات اور خواتین کے حقوق کو مرکزی اہمیت دی جائے۔
ادارے نے خواتین ماحولیاتی کارکنوں کے تحفظ، فیصلہ سازی میں خواتین اور لڑکیوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اور صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول کے حق کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
کوپ 31، حتمی معاہدے کے لیے فوسل فیولز، مالی معاونت اور صاف توانائی سمیت 6…
کوپ 31 میں تعطل برقرار، جنوبی ایشیا کا مالی مدد، موسمیاتی تحفظ، ترقی کے حق…
کوپ 31، فوسل فیولز اور موسمیاتی مالی معاونت پر تعطل، ترقی پذیر ممالک کے تحفظات،…
موسمیاتی تبدیلیوں سے اجتماعی بے حسی بڑھنے لگی، قدرتی آفات اور خبروں سے ذہنی صحت…
کوپ 31، کاربن فیس، انسانی حقوق، فوسل ایندھن اور موسمیاتی مالی معاونت پر اختلاف، ترقی…
کوپ 31، مالی ذمہ داری، انسانی حقوق اور فوسل ایندھن منتقلی پر اتفاق نہ ہو…
This website uses cookies.